پنجاب حکومت کا بسنت نہ منانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2019

 لاہور: پنجاب حکومت نے بسنت پر یو ٹرن لیتے ہوئے رواں سال بسنت نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ ماہ 18 دسمبر کو وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اعلان کیا تھا کہ فروری 2019 میں بسنت منائی جائے گی اور اس ضمن میں تمام تر حفاظتی تدابیراختیار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

حکومتی اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں مقامی وکیل نے درخواست دائر کرکے بسنت منانے کے  اقدام کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی، عدالت نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے بسنت منانے کا اعلان کردیا

پنجاب حکومت کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے آج واضح کیا ہے کہ بسنت منانے  کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے اور امسال بسنت نہیں منائی جائے گی اور حکومت پتنگ بازی پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ بسنت نہ کرنے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کر رہے ہیں اور مستقبل کیلئے محفوظ بسنت منانے کے لیےحفاظتی اقدامات کی تیاری کی جا سکتی ہے جس کے لیے 4 سے 6 ماہ کی ورکنگ درکار ہوگی۔

اسے بھی پڑھیں: لاہور ہائی كورٹ نے بسنت منانے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر كردی

سینئر وزیرعبدالعلیم خان نے بتایا کہ بسنت نہ منانے کے فیصلے سے متعلق کل ہائیکورٹ میں باقاعدہ جواب جمع کرایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔