ارجنٹائن کے معروف فٹبالر ایمیلیانوسالا طیارے سمیت لاپتہ

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2019
ایمیلیانو سالا پیر کے روز طیارے سمیت لاپتہ ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

ایمیلیانو سالا پیر کے روز طیارے سمیت لاپتہ ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

الڈرنی: ارجنٹائن کے فٹبالر ایمیلیانوسالا کے پرائیوٹ طیارے سمیت لاپتہ ہونے کے بعد زندہ بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں جس پر سرچ آپریشن بند کردیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کارڈف سٹی فٹبال کلب کے کھلاڑی اور ارجنٹائن کے اسٹرائیکر ایمیلیانو سالا پرائیوٹ طیارے میں پیر کے روز محو پرواز تھے تاہم انگلش چینل جزائر کے مقام الڈرنی پر ان کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوگیا تھا۔

معروف فٹبالر ایمیلیانو سالا نے پیر کے روز اپنے اہل خانہ کو بھیجے گئے واٹس پیغام میں کہا کہ میں طیارے میں ہوں جو زمین کی جانب گر رہا ہے، میں خوفزدہ ہوں۔ اس پیغام کے بعد اُن کا کسی سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

ریسکیو اداروں نے موبائل ڈیٹا کی مدد سے الڈرنی کے ساحلی علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا تاہم خراب موسم کے باعث مشکلات کا سامنا رہا اور دو دن کے بعد طیارا ملنے کی تمام امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔

فضائی حادثے کی تحقیقات کرنے والے ادارے نے میڈیا کو بتایا کہ مالیبو ایئرکرافٹ امریکا میں رجسٹرڈ ہے اور اس میں پائلٹ اور ایک مسافر کی موجودگی کی اطلاع ہے۔ طیارا حادثے کی تحقیقات کے لیے امریکا، فرانس اور ارجنٹائن کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کریں گی۔

ایمیلیانو سالا نے 2015 میں کلب میں شمولیت حاصل کرنے کے بعد سے 48 گول کیے اور کئی بار اپنے کلب کو میچ جتوانے میں اہم کلیدی کردار ادا کیا۔ فٹبال کھلاڑی کے مداحوں اور کلب نے کارڈف سٹی اسٹیڈیم کے سامنے پھولوں کے گلدستے رکھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔