قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا سانحہ ساہیوال پر وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2019
پنجاب کے موجودہ وزیراعلیٰ اجازت کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے،شہبازشریف فوٹو: فائل

پنجاب کے موجودہ وزیراعلیٰ اجازت کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے،شہبازشریف فوٹو: فائل

 اسلام آباد: قومی اسمبلی قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سانحہ ساہیوال پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ 

اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کو منظر عام پر نہیں لایا گیا، پنجاب حکومت کو غلط بیانی پر وضاحت پیش کرنی چاہیے، اس سانحے میں ملوث بعض افسران کو علیحدہ کردیا گیا جب کہ پنجاب کے موجودہ وزیراعلیٰ اجازت کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ماڈل ٹاؤن واقعے پر مجھےاستعفیٰ دینا چاہیے، اس میں کوئی شک نہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن بہت دل خراش واقعہ تھا، اس واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا لہذا اب وزیر اعظم سانحہ ساہیوال پر استعفیٰ دیں۔

سانحہ ساہیوال پر اپوزیشن سیاست نہ چمکائے، شاہ محمود 

قائد حزب اختلاف کے جواب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ساہیوال واقعہ دل دہلا دینے والا  ہے، دو دن سے اس افسوسناک واقعے پر ایوان میں بحث ہورہی ہے، ساہیوال واقعے کی فوری طور پر مذمت کی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اپوزیشن کے مطالبے پر سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں، وزیراعظم

وزیراعلیٰ صاحب موقع پر پہنچے، وزیراعظم اوروزیر اعلیٰ نے کہا کہ قصوروار کو سزا دی جائے گی، حکومت نے ماضی کی حکومتوں کی طرح چیزوں کو دبانے کی کوشش نہیں کی، جے آئی ٹی نے اپنا کام مکمل کیاہے۔ تحقیقات کے نتیجے میں کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایف آئی آر درج کردی گئی ہے، سانحہ ساہیوال پر اپوزیشن سیاست نہ چمکائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔