ورزش کے بعد سافٹ ڈرنک گردوں کےلیے مضر قرار

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جنوری 2019
نیویارک کی ینیورسٹی آف بفیلو کے ماہرین نے کہا ہے کہ ورزش کے فوری بعد سافٹ ڈرنک پینے سے گردے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

نیویارک کی ینیورسٹی آف بفیلو کے ماہرین نے کہا ہے کہ ورزش کے فوری بعد سافٹ ڈرنک پینے سے گردے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

نیویارک: کیفین سے بھرپور سافٹ ڈرنک پوری دنیا میں عام پی جاتی ہیں اور صحت کے لیے ان کے خطرات کی فہرست بڑھتی جارہی ہے۔ ان میں ذیابیطس اور موٹاپے کے امکانات سرِفہرست قرار دیئے گئے ہیں۔

لیکن اب نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ورزش اور بھاگ دوڑ کے بعد سافٹ ڈرنک پینے سے جسم میں پانی کی کمی مزید بڑھ جاتی ہے اور گردے کے افعال پر برا اثر ہوتا ہے۔ اس بات کا انکشاف نیویارک میں واقع یونیورسٹی آف بفیلو نے کیا ہے جس کی تفصیلات امریکن جرنل آف فزیالوجی کے ذیلی جرنل میں شائع ہوئی ہے۔

گرم ماحول میں ورزش سے گردوں کی جانب خون کا بہاؤ کم ہوجاتا ہے لیکن گردے اس کمی کو جھیل جاتےہیں۔ تاہم بعض تجربات میں دیکھا گیا ہے کہ اگر گردے کو خون کی فراہمی میں نمایاں کمی ہوجائے تو اس سے اکیوٹ کِڈنی انجری (اے کے آئی) کا خطرہ بڑھ جاتا ہے کیونکہ خون کی فراہمی کم ہونے سے خود آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔  لیکن سافٹ ڈرنکس کا استعمال اس میں انتہائی عجیب اور پریشان کن کردار ادا کرتا ہے۔

ماہرین نے اوسطاً 24 برس کے 12 صحت نامہ نوجوانوں کو بھرتی کیا ۔ پہلے انہیں دوڑنے کی مشین پر 30 منٹ ورزش کرائی گئی  اور اس کے بعد ایک کھیت میں تین ورزش جیسے کام کروائے جو 15 منٹ طویل تھے۔  اس کے بعد ہر نوجوان کو چینی اور کیفین سے بھرپور 16 اونس سافٹ ڈرنک یا سادہ پانی دیا گیا۔ اس کے بعد ایک گھنٹے کا یہ عمل کل چار مرتبہ دوہرایا گیا۔

کم از کم ایک ہفتے بعد سارے رضاکاروں کو واپس بلایا گیا اور دوبارہ انہیں روزانہ چار گھنٹے کی ورزش اور سافٹ ڈرنک کی مشق دوبارہ کرائی گئی۔ اس بار مشروب کی ترتیب الٹی گئی اور سافٹ ڈرنک والوں کو پانی اور پانی والوں سافٹ ڈرنک پلائی گئی۔

ماہرین نے ورزش  سے قبل ، اس کے درمیان میں اور آخر میں تمام شرکا کے خون، دل ، درجہ حرارت، بلڈ پریشر اور دیگر ٹیسٹ لیے گئے تو معلوم ہوا کہ گردے کو متاثر کرنے والی اے کے آئی کے بایومارکر ، بلڈ پریشر بڑھانے والے ہارمون  اور دیگر مضر کیمیکل میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح ورزش کرنے کے بعد سافٹ ڈرنک پینے والے افراد کےجسم میں پانی کی درمیانے درجے کی کمی دیکھی گئی۔

اگرچہ ابتدائی طور پر تو ثابت ہوا کہ ورزش ک بعد سافٹ ڈرنک سے گردوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ یہ مطالعہ بہت چھوٹے پیمانے پر کیا گیا ہے جس کے نتائج کافی نہیں تاہم اس سے یہ ضرور معلوم ہوا ہے کہ ورزش کے بعد سافٹ ڈرنک کے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔