شہر کا پارہ پھر 9 ڈگری ہو گیا، سردی کی شدت مزید 3 دن برقرار رہے گی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 24 جنوری 2019
جنوری میں سردی کا ریکارڈ نہیں ٹوٹ سکتا، 1934میں شہر کاکم سے کم درجہ حرارت صفر ریکارڈ ہوچکا ہے۔
 فوٹو: فائل

جنوری میں سردی کا ریکارڈ نہیں ٹوٹ سکتا، 1934میں شہر کاکم سے کم درجہ حرارت صفر ریکارڈ ہوچکا ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شہر کا پارہ پھر9 ڈگری تک پہنچ گیا جب کہ رات اورصبح کے وقت سردی کی شدت برقرارہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا پارہ 3ڈگری کمی سے ایک بار پھر 9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،دسمبر کے بعد جنوری میں پہلی بار درجہ حرارت 9ڈگری تک کم ہوا ہے اس سے قبل دسمبر 2018کے دوران شہر کا کم سے کم پارہ یکے بعد دیگرے 3مرتبہ 9ڈگری سینٹی گریڈ تک کم ہواتھا۔

بدھ کے روز شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ بھی نمایاں کمی سے صرف 23ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی صبح شمال مشرقی سمت سے 30کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے معمول سے تیز ہوائیں چلیں۔ اگلے 24گھنٹے کے دوران شہر کا مطلع خشک،رات میں ٹھنڈ جبکہ صبح کے وقت دھند چھانے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہناہے کہ موجود سردی کی لہر مزید 3روز تک جاری رہ سکتی ہے،جنوری کا مہینہ بھی بیشتر دنوں کے دوران قدرے خنک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران جنوری میں سردی کا ریکارڈ نہیں ٹوٹ سکتا کیونکہ 1934میں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت مائنس صفر ریکارڈ ہوچکا ہے۔

عبدالرشید کے مطابق 29جنوری کو آنے والے مغربی ہواؤں کے سلسلے کے بارے میں قبل ازوقت کچھ نہیں کہہ سکتے،سسٹم کی آمد سے 2روز قبل تک اس حوالے سے آگاہی دی جاسکتی ہے کہ مذکورہ سسٹم کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع پر بارشوں کے حوالے سے کس حد تک نظرانداز ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔