کے ایم سی کے سینئر افسر نے ایک سال میں 2 بار ترقی حاصل کر لی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 24 جنوری 2019
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر افسران نے تسنیم احمدکی ایک سال میں2بارترقی حاصل کرنے پرتحقیقاتی اداروں سے چھان بین کامطالبہ کردیا۔ فوٹو؛ فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر افسران نے تسنیم احمدکی ایک سال میں2بارترقی حاصل کرنے پرتحقیقاتی اداروں سے چھان بین کامطالبہ کردیا۔ فوٹو؛ فائل

 کراچی:  بلدیہ عظمیٰ کراچی میں افسران اور ملازمین کی خلاف ضابطہ ترقیوں تعیناتیوں کی روک تھام کے محکمے ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے سینئر ڈائریکٹر کی گریڈ 19میں ترقی مشکوک نکلی۔

کے ایم سی کے محکمہ ایچ آر ایم کے سینئر ڈائریکٹر تسنیم احمد کا2011 میں خلاف ضابطہ گریڈ 19میں ترقی حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق تسنیم احمد کو 12اکتوبر2010کو گریڈ 17سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ آفیسر گریڈ 18میں ترقی دی گئی تاہم حیرت انگیز طور پر صرف ایک سال بعد ہی موصوف کو 3 اکتوبر2011کو گریڈ 18سے گریڈ19 میں ترقی دے کر ڈسٹرکٹ آفیسر لینڈ ریکوری تعینات کردیا کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تسنیم احمد کو قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر اورسینئر افسران کو نظر انداز کرکے ایک سال کے دوران 2 بار ترقی دی گئی جبکہ قوانین کے مطابق گریڈ 18سے گریڈ 19میں ترقی کے لیے کسی بھی افسر کو 3 سال سے 5 سال کا عرسہ درکار ہوتا ہے تاہم تسنیم احمد جن کو بھرتیوں کا ماہر بھی کہا جاتا ہے افسران کی فرمائشیں پوری کرنے کی وجہ سے سینئر افسران کو نظر انداز کرکے ترقیاں دی گئیں۔

سابق ایڈمنسٹریٹرز کے دور میں تسنیم احمد پر قواعد کے برخلاف سیکڑوں عارضی ملازمین بھرتی کرنے کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں جبکہ محکمہ اسٹیٹ کے ڈائریکٹر کا عہدہ ہونے کے باوجود میئر کراچی نے تسنیم احمد کو محکمہ ایچ آر ایم کے سینئر ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات کر رکھا ہے۔

محکمہ ہیومن ریسورس ادارے کے ملازمین کی ترقیوں تعیناتیوں کا ذمے دار ہوتا ہے تاہم محکمے کے سینئر ڈائریکٹر کے عہدے پر مشکوک ترقی حاصل کرنے والے افسر کی تعیناتی کے باعث محکمے کا کردار بھی مشکوک ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تسنیم احمد کے ایم سی کے ملازم بھی نہیں ہیں دوسری جانب کے ایم سی کے سینئر افسران نے تسنیم احمد کی ایک سال میں 2 بار ترقی حاصل کرنے کی تحقیقاتی اداروں سے چھان بین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

افسران کا کہنا ہے کہ تسنیم احمد پر ماضی میں بھی سنگین الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں مشکوک شہرت کے حامل افسر کا محکمہ ایچ آر ایم اور محکمہ اسٹیٹ کا سینئر ڈائریکٹر ہونا ادارے کے لیے سوالیہ نشان ہے میونسپل کمشنر فوری طور پر تسنیم احمد کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔