الیکشن کمیشن میں انتخابات 2018 جائزہ رپورٹ کی تیاری جاری

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 24 جنوری 2019
جامع رپورٹ مکمل کر کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کو پیش کی جائے گی، الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

جامع رپورٹ مکمل کر کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کو پیش کی جائے گی، الیکشن کمیشن۔ فوٹو: فائل

 کراچی: الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے بعداز الیکشن جائزہ رپورٹ کی تیاری جاری ہے۔

الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے پوسٹ الیکشن ریویو رپورٹ کی تیاری کیلیے ملک بھر میں ڈویژنل سطح پر مختلف طبقہ ہائے زندگی، این جی اوز، ریٹرننگ افسر، پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کے صحافی، سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور دیگر سے الیکشن 2018 میں پیدا ہونے والی خامیوں کو دور کرنے کیلیے تجاویز اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

گزشتہ روز ڈپٹی ڈائر یکٹر الیکشن کمیشن اسلام آباد آصف علی یاسین ، ضلع وسطی کے الیکشن کمشنر محمد یوسف اور ضلع شرقی کے محمد عمران کی جانب سے کراچی میں پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کے صحافیوں سے پوسٹ الیکشن ریویو پر بحث کی گئی جس میں صحافیوں کی جانب سے الیکشن 2018 کی کوریج کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا اورآئندہ کیلیے اپنی اپنی تجاویز دیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن اسلام آباد آصف یاسین اور ضلع وسطی کے الیکشن کمشنر محمد یوسف نے بتایا کہ وہ پوسٹ الیکشن ریویو پر مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد سے مل کر ان کی تجاویز جمع کر رہے ہیں، جمع ہونے والی تمام تجاویز پر ایک مکمل رپورٹ تیار کر کے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کو پیش کی جائے گی، جس کے بعد آئندہ الیکشن کی تیاریاں کی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔