پی ایس ایل فرنچائزز کو ایک سال کا ودہولڈنگ ٹیکس واپس ملے گا

سلیم خالق  جمعرات 24 جنوری 2019
رواں برس اضافی رقم کاانتظام نہیں کرنا پڑے گا،سیلز ٹیکس معاف کرنے سے گریز۔ فوٹو : فائل

رواں برس اضافی رقم کاانتظام نہیں کرنا پڑے گا،سیلز ٹیکس معاف کرنے سے گریز۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  پی ایس ایل فرنچائزز کو ایک سال کا 10فیصد ودہولڈنگ ٹیکس واپس مل جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ میں شریک ٹیموں کو ابتدائی تینوں ایڈیشنز میں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا جس کی وجہ سے وہ ٹیکس میں چھوٹ کیلیے مسلسل کوششیں کر رہی ہیں، اس میں پی سی بی بھی ان کے ساتھ ہے۔

گزشتہ دنوں جاوید آفریدی اور سلمان اقبال پر مشتمل کمیٹی نے بورڈ آفیشلز کے ہمراہ اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی تھیں، گزشتہ ہفتے بھی فرنچائزز نمائندوں اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی ریونیو منسٹر حماد اظہر سے میٹنگ ہوئی تھی،اب اس کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت تمام فرنچائزز کو ایک سال کا 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس واپس کرنے پر آمادہ ہو گئی ہے، اس کو رواں برس کے ٹیکس سے ایڈجسٹ کر لیا جائے گا، یوں انھیں مزید نقد رقم کا انتظام نہیں کرنا پڑے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے فرنچائزز پر واضح کر دیا تھا کہ وہ صرف ان کیلیے پالیسی نہیں بنا سکتی۔ سب کیلیے یکساں مفید فیصلہ کیا جائے گا اور ایسا جون تک ہی ممکن ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے اپنی تقریر میں اس کا اعلان بھی کر دیا، البتہ اس حوالے سے ابھی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سے باہر کمپنیز رجسٹرڈ ہونے کی وجہ سے 2 فرنچائزز ودہولڈنگ ٹیکس ادا نہیں کرتیں، دوسری جانب گزشتہ دنوں فرنچائزز کو ایک خط بھی موصول ہوا جس میں واضح کیا گیا ہے کہ16فیصد سیلز ٹیکس ختم نہیں کیا جا سکتا، ابھی یہ واضح نہیں کہ اسد عمر کے اعلان سے کیا یہ فیصلہ تبدیل ہوگا؟۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔