منی بجٹ تازہ ہوا کا جھونکا ہے، لالی پاپ دیا گیا، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک  جمعـء 25 جنوری 2019
ودہولڈنگ میں چھوٹ پر ابہام ہے، اینٹ مہنگی ہو چکی، فائزہ امجد۔  فوٹو : فائل

ودہولڈنگ میں چھوٹ پر ابہام ہے، اینٹ مہنگی ہو چکی، فائزہ امجد۔ فوٹو : فائل

 لاہور: ماہرین معاشیات، بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ’’منی بجٹ اور اس کے اثرات‘‘ کے حوالے سے ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منی بجٹ نہیں معاشی پیکیج ہے جو مایوس کن حالات میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا اور اس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ ود ہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ، سپیشل اکنامک زونز کی تیاری، درآمدی مشینری و خام مال پر ڈیوٹی کا خاتمہ، چھوٹے قرض حسنہ و اس طرح کے دیگر اقدامات سے عام آدمی اور سرمایہ دار دونوں کو ہی ریلیف ملا ہے تاہم اصل بجٹ مئی، جون میں آنا ہے جس سے حکومتی سمت اور قابلیت کا پتہ چلے گا۔ منی بجٹ کی صورت میں  عوام کو لالی پاپ دیا گیا جس میں ابہام موجود ہے۔ 

ماہر معاشیات ڈاکٹر قیس اسلم نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی نے آخری ایام میں بجٹ دے کر اگلی حکومت کے ہاتھ باندھ دیے یہی وجہ ہے کہ بار بار منی بجٹ لائے جارہے ہیں ، منی بجٹ میں عوام اور سرمایہ دار دونوں کو ہی ریلیف ملا ہے،جب تک سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول نہیں بنایا جائے گا تب تک معاملات بہتر نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے حوالے سے خوشی منائی جارہی ہے ، یہ سب کیلئے ختم نہیں ہورہا بلکہ صرف بیرون ملک سے بینکنگ کے ذریعے منتقل رقم نکلوالنے پر فائلر کو اس میں چھوٹ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے دور میں ٹیکس سلیب 12 لاکھ تھی جسے موجودہ حکومت نے کم کر کے پہلے 8لاکھ اور اب 4 لاکھ روپے کر دیا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر و ریجنل چیئرمین عبدالرؤف مختار نے کہا کہ منی بجٹ خوش آئند اور عوام دوست ہے وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور کی صدر فائزہ امجد نے کہا کہ منی بجٹ میں ریلیف کے نام پر لالی پاپ دے کر عوام کو خاموش کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔

نمائندہ سول سوسائٹی شاہنواز خان نے کہا کہ یہ منی بجٹ نہیں بلکہ معاشی پیکیج ہے جو مایوس کن حالات میں تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔