سیاستدانوں پر تنقید کرنیوالے آمروں کی مذمت کریں،نثار کھوڑو

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 20 جولائی 2013
سیفما کے تحت منعقدہ سیمینار سے متحد ہ کی رہنما کشور زہرہ، سیما ضیا و دیگر کا خطاب   فوٹو: فائل

سیفما کے تحت منعقدہ سیمینار سے متحد ہ کی رہنما کشور زہرہ، سیما ضیا و دیگر کا خطاب فوٹو: فائل

کراچی:  سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سیاستدانوں پر تنقید کرنے والوں کو ضیا الحق اور پرویز مشرف کے کردار کی مذمت کرنی چاہیے۔

آج جو ملک میں بدامنی لاقانونیت اور دہشت گردی کا عنصر پایا جاتا ہے یہ آمروں کا شاخسانہ ہے، ہمیں ملالہ یوسف زئی کے ساتھ ساتھ مختاراں مائی اور شازیہ جیسی نڈر خواتین کو بھی یاد رکھنا چاہیے، وہ جمعہ کو پریس کلب میں ساؤتھ ایشیا فری میڈیا ایسوسی ایشن (سیفما)کے زیر اہتمام ویمن ایجوکیشن اینڈ ٹیرریزم کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ، اراکین سندھ اسمبلی ماروی راشدی، سیما ضیا، مہتاب اکبر راشدی، ڈاکٹر جبار خٹک، غازی صلاح الدین اوردیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ جو ٹیچر اپنے گاؤں میں پیدا ہوتا ہے وہ اس گاؤں میں بچوں کو تعلیم دینا نہیں چاہتا، کشور زہرہ نے کہا کہ ملالہ کسی چہرہ کا نہیں بلکہ فکر کا نام ہے، بعض عناصر مذہب کے نام پر لوگوں کو تعلیم سے دور رکھنا چاہتے ہیں جو غیر اسلامی رسم ہے، اگر کوئی ماں تعلیم یافتہ ہوگی تو وہ کسی صورت اپنے بچے کو خود کش دھماکے کی اجازت نہیں دے سکتی، سیما ضیا نے کہا کہ ملک میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے اس کے باوجود انھیں تعلیم سے محروم رکھا گیا ہے، مہتاب اکبر راشدی نے کہا کہ سب کو مل کر طالبان کو ظالمان کا لقب دینا ہوگا، جبار خٹک نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے دنیا میں پاکستان کا امیج تبدیل کیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔