پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو چن چن کرقتل کیا جارہا ہے،عبدالقادر پٹیل

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 20 جولائی 2013
امان بہاری سمیت تمام کارکنان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، صدرپیپلزپارٹی کراچی ڈویژن. فوٹو: فائل

امان بہاری سمیت تمام کارکنان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، صدرپیپلزپارٹی کراچی ڈویژن. فوٹو: فائل

کراچی:  پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل، جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم، سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل ،

ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر ندیم احمد بھٹو اور جنرل سیکریٹری صدیق اکبر نے اپنے مشترکہ بیا ن میں پیپلزپارٹی اورنگی ٹاؤن سٹی ایریا 95کے دیرینہ اور سرگرم کارکن امان بہاری کی دہشت گردو ں کے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں شہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری دہشت گردوں نے پیپلزپارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو اپنا نشانہ بنا رکھا ہے اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے،پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو اس بات کی سزا دی جارہی ہے کہ وہ شہر میں ہونیوالی دہشت گردی ، معصوم و بے گناہ لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے قتل کرنے کی مذمت کررہے ہیں۔

ملک کی یکجہتی، سالمیت اور امن کے قیام کیلیے جدوجہد کررہے ہیں ، پیپلزپارٹی کے کارکنو ں نے شہر میں امن کے قیام کے لیے پہلے بھی اپنی جان کی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے اوردہشت گردوںکو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، انھوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ امان بہاری کے قاتلوں سمیت پیپلزپارٹی کے اورنگی ٹاؤن میں قتل ہونیوالے 60 سے زیادہ کارکنوں کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔