شام میں جھڑپیں، 29 جنگجو ہلاک، بی بی زینبؓ کے روضے پر راکٹوں سے حملہ

اے ایف پی  ہفتہ 20 جولائی 2013
دھماکوں کے بعد امدادی کارروائی شروع ، واقعے میں ایک نگہبان جاں بحق ، امریکا نے شام پر اچانک حملوں کے حوالے سے غور شروع کر دیا. فوٹو: رائٹرز

دھماکوں کے بعد امدادی کارروائی شروع ، واقعے میں ایک نگہبان جاں بحق ، امریکا نے شام پر اچانک حملوں کے حوالے سے غور شروع کر دیا. فوٹو: رائٹرز

دمشق: شام میں فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپ میں29 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

شام میں ترکی کی سرحد کے قریب صدر بشار الاسد حکومت کی حامی فوج اور باغی مسلح افراد کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 29  افراد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں19کا تعلق جہادی گروپ النصرہ فرنٹ جبکہ دیگر کا تعلق مسلح کرد گروپ سے بتایا گیا ہے۔  حمص اور دیگر شہروں میں بھی حالات انتہائی کشیدہ بتائے جاتے ہیں۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اردن میں شامی مہاجرین کے زطا ری کیمپ کے دورہ کے موقع پر عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مہاجرین کی ہر ممکن مدد کرے۔ دریں اثنا 2 روز قبل ایک حملے میں شہید ہونیوالے عرب امیگریشن تنظیم کے رہنما محمد دارارے جامو کی نماز جنارہ مغربی صوبہ لتاکیہ میں ادا کی گئی جنھیں بعد میں سپرد خاک کردیا گیا۔

دمشق میں حضرت بی بی زینب کے روضے پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں روضے کا ایک نگہبان جاں بحق ہوگیا۔ راکٹوں کے حملے میں مزار کے صحن کو بھی نقصان پہنچا، دھماکوں کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ دوسری جانب امریکا نے شام پر اچانک حملوں کے حوالے سے غور شروع کر دیا ہے۔غیر  ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق شام میں اسد حکومت کے اہداف پر محفوظ اور اچانک حملوں کا معاملہ صدر باراک اوباما اور منتخب حکومتی اہلکاروں کی منشا سے ہوگا اور اس مناسبت سے اعلیٰ فوجی قیادت کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قاصر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔