سوئس حکام کوخط لکھنا بغاوت کے مترادف ہوگا،گیلانی

اے پی پی  جمعرات 23 اگست 2012
حکومت کیخلاف سرگرم قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گی، انتخابات پیپلزپارٹی ہی جیتے گی۔ فوٹو: فائل

حکومت کیخلاف سرگرم قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گی، انتخابات پیپلزپارٹی ہی جیتے گی۔ فوٹو: فائل

لاہور / ملتان: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کیخلاف سرگرم قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گی، اگر تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں تو تصادم کے خدشات نہیں ہونگے‘صدر آصف علی زرداری کو آئین کی شق248 کے تحت مکمل استثنیٰ حاصل ہے اور سوئس حکام کوخط لکھنا بغاوت کے مترادف ہو گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق وہ سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کر رہے تھے۔ یوسف رضا گیلانی نے اس تاثر کی تردید کی کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اختلافات کا فائدہ آئندہ انتخابات میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کو ہو گا‘یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ملتان میں این اے151کے ضمنی انتخاب میں عبدالقادر گیلانی کے خلاف تمام حزب اختلاف کی قوتیں اکھٹی تھیں لیکن پھر بھی وہ پیپلزپارٹی کے ووٹ بینک کو نقصان نہیںپہنچا سکیں ۔

اگر تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں تو تصادم کے خدشات نہیں ہوں گے۔میں نے خط لکھنے سے انکار اس لیے کیا کیونکہ میں نے آئین کے تحفظ کا عہد لے رکھا تھا۔ملتان سے لاہور روانہ ہونے سے قبل کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف گیلانی نے کہا کہ ہمارے مخالفین ہماری مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ۔آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی پنجاب سمیت ملک بھر میں کامیابی حاصل کریگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔