ارجنٹینا کے باشندے نے مائیکل جیکسن بننے کے لیے 42 لاکھ خرچ کردیئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جنوری 2019
ارجنٹینا کے رہائشی نے پلاسٹک سرجری پر 30 ہزار ڈالر خرچ کرکے مائیکل جیکسن کا روپ دھارا ہے (فوٹو: فائل)

ارجنٹینا کے رہائشی نے پلاسٹک سرجری پر 30 ہزار ڈالر خرچ کرکے مائیکل جیکسن کا روپ دھارا ہے (فوٹو: فائل)

ارجنٹینا: ارجنٹینا کے 22 سالہ نوجوان نے اپنے خدوخال مائیکل جیکسن جیسے بنانے کے لیے پلاسٹک سرجری اور دیگر امور پر 30 ہزار ڈالر سے زائد رقم خرچ کردی جو کہ پاکستانی روپوں میں 42 لاکھ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔

اگرچہ آج کی نئی نسل مائیکل جیکسن سے کم واقف ہے لیکن اپنے عہد کے ’ پاپ بادشاہ‘ مائیکل جیکسن کا روپ دھارنے کے لیے ارجنٹینا کے 22 سالہ مداح لیو بلانکو مائیکل جیکسن نے خطیر رقم خرچ کرڈالی۔ لیو بلانکو نے مائیکل جیکسن کی ویڈیو دیکھیں اور اس کے مداح ہوگئے۔ صرف 15 برس کی عمر میں انہوں نے مائیکل جیکسن جیسا نظر آنے کے لیے پہلی سرجری کرائی اور اس کے بعد اگلے سات برس میں مزید 11 سرجریاں کرائیں تاکہ وہ حقیقی طور پر مائیکل جیسے نظر آسکیں۔

وہ اپنے ناک کی چار مرتبہ سرجری کراچکے ہیں، وہ ٹھوڑی، جبڑے اور اس سے وابستہ حصوں کا آپریشن بھی کراچکے ہیں۔ اب وہ مائیکل جیکسن کے بہت قریب نظر آتے ہیں اور لوگ انہیں دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں تاہم اس رویے سے ان کے اہلِ خانہ بہت پریشان ہیں اور ان کی والدہ چہرہ بدلنے پر ان سے نالاں بھی ہیں۔

بلانکو کہتے ہیں کہ وہ اپنا چہرہ، اپنا جسم اور اپنی روح بھی مائیکل جیکسن جیسی بنانا چاہتے ہیں اور اس پر اپنی پوری آمدنی خرچ کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔