انوکھے مرض کے شکار بچے کا گردہ ٹانگ میں اُگ آیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جنوری 2019
ہامش رابنسن دنیا کے واحد بچے ہیں جن کا ایک گردہ ان کی ران پر موجود ہے۔ فوٹو: بشکریہ ایم ایس این

ہامش رابنسن دنیا کے واحد بچے ہیں جن کا ایک گردہ ان کی ران پر موجود ہے۔ فوٹو: بشکریہ ایم ایس این

 لندن: دنیا میں طبی تاریخ کے انوکھے واقعات ظاہر ہوتے رہتے ہیں لیکن اپنی نوعیت کے اس انوکھے کیس میں ایک بچے کا گردہ اس کی ٹانگ پر اُگ آیا ہے جس کی جینیاتی وجہ بتائی جارہی ہے۔

اب تک پوری دنیا میں کوئی بھی شخص اس کیفیت سےدوچار نہیں دیکھا گیا ہے۔ 10 سالہ ہامش رابنس کے جسم میں ایک کروموسوم 7p22.1 کی کمی ہے جس سے مکمل گردہ اپنی مقررہ جگہ کی بجائے اس کی دائیں ران میں موجود ہے۔ اب تک اس مرض کا کوئی نام نہ تھا اور اب ڈاکٹروں نے اسے ’ہامش سنڈروم‘ کا نام دیا ہے۔ ڈاکٹر گردے کو ہٹانے کے حق میں نہیں کیونکہ اس سے ان دیکھے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

اگرچہ 900 بچوں میں سے کسی ایک کا گردہ اپنی جگہ سے دائیں بائیں ہٹا ہوا ہوسکتا ہے لیکن طبی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ گردہ دھڑ کی بجائے ٹانگ کا حصہ بن گیا ہے۔ تاہم ہامش کئی امراض کے شکار ہیں جن میں ریڑھ کی ہڈی کے مسائل، دمہ، کمزور سماعت اور بولنے میں دقت شامل ہے۔ اسی وجہ سے وہ کمپیوٹر سافٹ ویئر کے ذریعے بات کرتے ہیں تاہم ان کا دوسرا گردہ  بالکل درست کام کررہا ہے۔

ہامش کی والدہ کہتی ہیں کہ ڈاکٹر بتانے سے قاصر ہیں کہ اس کا مستقبل کیسا گزرے گا ۔ اپنی پیدائش کے وقت ہامش کا وزن صرف دو پونڈ تھا ۔ پیدائش کے بعد اس کی افزائش بہت سست رہی اور اس نے 17 ماہ مکمل ہونے کے بعد ماں کا لفظ ادا کیا اور اس کے چھ سال بعد دوسرا جملہ ادا کیا۔

تاہم باہمت بچہ اب اسکول جارہا ہے اور کراٹے کی تربیت بھی لے رہا ہے۔ اس کی والدہ کہتی ہیں کہ ’ یہ بچہ میرے لیے نعمت سے بڑھ کر ہے تاہم میں اس کےمستقبل کےبارے میں فکرمند ہوں۔‘



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔