عدلیہ اپنےعلاوہ دوسرے تمام اداروں اورمحکموں میں کرپشن ڈھونڈ رہی ہے، اعتزازاحسن

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 جولائی 2013
نئی جوڈیشل پالیسی 2009میں آئی جو اب پرانی ہو چکی لیکن اس پرعمل نہیں ہوا، چیف جسٹس کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے اپنا گھر تو صحیح کرتے۔، اعتزاز احسن۔ فوٹو: فائل

نئی جوڈیشل پالیسی 2009میں آئی جو اب پرانی ہو چکی لیکن اس پرعمل نہیں ہوا، چیف جسٹس کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے اپنا گھر تو صحیح کرتے۔، اعتزاز احسن۔ فوٹو: فائل

لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ عدلیہ اپنے علاوہ دوسرے تمام اداروں اور محکموں میں کرپشن ڈھونڈ رہی ہے چیف جسٹس کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے اپنا گھر تو صحیح کرتے۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ صدر کی آئینی مدت سے کم از کم 30دن قبل نئے صدر کا انتخابات ضروری ہے اسے سپریم کورٹ بھی تبدیل نہیں کرسکتی،  ملک میں اس وقت وزیراعظم اور اسپیکر کا تعلق پنجاب سے ہے اس لئے پیپلزپارٹی نے رضا ربانی کی صورت میں بہترین امیدوار نامزد کیا ہے، میاں رضا ربانی ایک بےباک اور آئین پر مصمم ایمان رکھنے والے پارلیمینٹیرین ہیں اور ان پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اعتماد کرتی ہیں، ان کی جانب سے تشکیل کردہ 18ویں آئینی ترمیم کو ملک کی تمام جماعتوں نے قبول کیا، ان کی شخصیت پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان بھی یقین رکھتے ہیں، اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو میاں رضا ربانی کو منتخب کرنے کےلئے قائل کریں گے اس کے ساتھ ہی اگر حکومت کو امیدوار کے انتخاب میں دشواری ہو رہی ہے تو رضا ربانی سے بہتر کوئی نہیں ہوسکتا۔

اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے دہشت گردی سے نمٹنے کی دعوے دھرے اور لوگ ان کی ابتدائی کارکردگی سے ہی مایوس ہو گئے ہیں،ڈرون طیارے مار گرانے کا کہنے والے اب خود مذاکرات کی تکرار کر رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے صرف پیپلز پارٹی پر نظر رکھی ہوئی ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ میں 17 ارب کی کرپشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں اس معاملے میں سپریم کورٹ وفاقی وزیر بجلی وپانی خواجہ آصف کو بھی طلب کرکے ان سے وضاحت مانگے، نئی جوڈیشل پالیسی 2009میں آئی جو اب پرانی ہو چکی لیکن اس پرعمل نہیں ہوا، چیف جسٹس کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے اپنا گھر تو صحیح کرتے۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ صدر آصف  زرداری 17ستمبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے جس کے بعدوہ کراچی میں رہائش اختیار کریں گے، چیف جسٹس اگر ان کے خلاف کچھ کرنا بھی چاہیں تو یہ ان کے بھی آخری دن ہی ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔