ملک پر 4 رکنی ظالم ٹولہ حکومت کر رہا ہے،منور حسن

نمائندگان ایکسپریس  جمعرات 23 اگست 2012
نیٹو سپلائی اورڈرونز حملے بند نہ ہوئے توکچھ بھی ہوسکتاہے،ذمے دارآرمی چیف ہونگے۔ فوٹو: ایکسپریس

نیٹو سپلائی اورڈرونز حملے بند نہ ہوئے توکچھ بھی ہوسکتاہے،ذمے دارآرمی چیف ہونگے۔ فوٹو: ایکسپریس

حیدرآباد / لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن نے کہاہے کہ وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے عیدالفطر کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرکے پورے ملک کو جام کردیا۔ اٹھارہ کروڑ عوام سخت پریشان رہے۔ وزیرداخلہ کا منصب عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کا متقاضی ہوتا ہے ان کا یہ اقدام قابل مذمت ہے ۔ وہ لوگوں کوسہولتیں فراہم نہیں کرسکتے تو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں ملک پرچارکا ظالم ٹولہ حکومت کررہا ہے۔ان سے اب جان چھڑانا ہوگی۔

ان خیالات کااظہارانھوں نیجماعت اسلامی حیدرآباد کے تحت تقریب عید ملن، جامع مسجد منصورہ میں نماز عیدالفطرکے اجتماع سے خطاب اوربعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ منور حسن نے کہاکہ وزیرداخلہ دہشت گردی کے واقعات پر توقابو نہیں پاسکے، پورا ملک بدامنی کی لپیٹ میں ہے ۔کراچی اور بلوچستان میں روزانہ درجنوں افراد ٹارگٹ کلنگ کی بھینٹ چڑھتے ہیں۔ حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہے ۔

رمضان المبارک اورعید پربھی ڈرون حملوں میں ایک درجن سے زائد پاکستانیوں کو خون میں نہلا دیا گیا ہے۔ جب تک زرداریوں ، گیلانیوں اور راجائوں کی حکومت ہوگی، مہنگائی و بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ بڑھتی رہیگی ۔معاشرے میں عدل و انصاف کا نظام لانے کیلیے ایک بار پھر تحریک پاکستان چلانے کی ضرورت ہے۔ منورحسن نے کہاکہ عوام کا مطالبہ ہے کہ نیٹو سپلائی لائن بندکی جائے اور ڈرونز حملے رکوائے جائیں ۔

اگر فوج اور حکومت نے یہ کام نہ کیا تو عوام پھر سڑکوں پر نکلیں گے اور اسکے نتیجے میں کچھ بھی ہوسکتا ہے اور اسکی ذمے داری آرمی چیف اور زرداری پرعائد ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ اس ملک کو کرپشن سے پاک وہ ہی کرسکتا ہے جو خود کرپشن سے پاک ہو، چوروں کے زریعے چوروں کے ہاتھ نہیں کاٹے جاسکتے،نواز شریف کیوں زرداری حکومت کے خلاف جدوجہد نہیں کرتے ،عید ملن سے راشد نسیم، شیخ شوکت علی نے بھی خطاب کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔