پہلے ون ڈے میں سری لنکا نے جنوبی افریقا کو 180 رنز سے ہرادیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 جولائی 2013
کمار سنگاکارا کا اسٹریٹ شاٹ کھیلتے ہوئے، انہوں نے 137 گیندوں میں 169 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔  فوٹو: اے ایف پی

کمار سنگاکارا کا اسٹریٹ شاٹ کھیلتے ہوئے، انہوں نے 137 گیندوں میں 169 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ فوٹو: اے ایف پی

کولمبو: پہلے ون ڈے میچ میں میزبان سری لنکا نے جنوبی افریقا کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر 5 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا اس نے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے، کمار سنگاکارا نے 137 گیندوں میں 169 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اپل تھرانگا 43 اور ماہیلا جے وردھنے بھی 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، دلشان 10 اور لاہیرو تھریمانے 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ تھسارا پریرا 16 اور دنیش چندیمال ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے مورنے مورکل نے 2، کرس مورس، ریان میکلارین اور آرن پھسنگو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

321 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز پر ہی ڈھیڑ ہوگئی، کوئی بھی کھلاڑی 29 کے انفرادی اسکور سے آگے نہ بڑھ سکا اور الویرو پیٹرسن اور رابن پیٹرسن 29، 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں جے پی ڈومینی 15، کپتان اے بی ڈیویلیرز 23، ڈوپلیسی 4، ڈیوڈ ملر 14 اور ریان میکلارین 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اس کے 3 کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کے تھسارا پریرا اور رنگانا ہیراتھ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دلشان 2، لستھ ملنگا اور شمندا ارانگا ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

میچ میں بہترین کارکردگی پر کمار سنگاکارا کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔