فائر بریگیڈ کے عملے کی تربیت شروع، کراچی میں 200 فائر اسٹیشنز کی ضرورت ہے، ہاشم رضا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 21 جولائی 2013
اتنے بڑے شہر میں صرف 22 فائراسٹیشنز ہیں، فائر بریگیڈ افسران کی تربیت کیلیے سرچ اینڈ ریسکیو اکیڈمی قائم کی ہے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ    فوٹو : فائل

اتنے بڑے شہر میں صرف 22 فائراسٹیشنز ہیں، فائر بریگیڈ افسران کی تربیت کیلیے سرچ اینڈ ریسکیو اکیڈمی قائم کی ہے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ فوٹو : فائل

کراچی:  ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

محکمہ فائر بریگیڈ کو آگ پر قابو پانے اور ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے نہ صرف یہ کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے بلکہ جدید آلات اور تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے ،یہ بات انھوں نے اوشین مال کلفٹن کے سامنے نئے فائر اسٹیشن کے قیام کے لیے جگہ کا معائنہ اور افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہی،اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز نیازاحمد سومرو ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروز مسعود عالم ، ڈائریکٹر مشین پول نعمان ارشد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر کراچی میں تقریباً 200 فائر اسٹیشنزکی ضرورت ہے جبکہ اس وقت کراچی میں صرف 22 فائر اسٹیشنز موجودہیں تاہم وسائل کی کمی کے باوجود فائر اسٹیشنز کی تعداد میں نہ صرف یہ کہ اضافے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں بلکہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے فائربریگیڈ کے تقریباً 250 افسران اور عملے کو جدید تربیت بھی دی گئی ہے، انھوں نے کہا کہ شہر کے 22 فائر اسٹیشنوں پر تقریباً 1350 افسران اور عملہ موجود ہے جو شہریوں کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے، انھوں نے کہا کہ نہر خیام کے کنارے نئے فائراسٹیشن کے قیام کا مقصد یہاں کی آبادی اورقریبی علاقے کو سہولتیں فراہم کرنا ہے، انھوں نے کہا کہ بوٹ بیسن پر سیکڑوں کی تعداد میں اشیائے خورو نوش کی دکانیں اور ریسٹورینٹس موجود ہیں۔

جہاں بیک وقت ہزاروں افراد موجود ہوتے ہیں ان دکانوں اور ریسٹورینٹس میں چولہے کے استعمال کے باعث آگ لگنے کے امکانات موجود ہوتے ہیں، انھوں نے کہا کہ یہ فائراسٹیشن ایک بہت بڑی آبادی جس میں کلفٹن ، بوٹ بیسن ، شیریں جناح کالونی اور سی ویو سمیت اطراف کے دیگر علاقے شامل ہیں کو سہولتیں فراہم کرے گا، انھوں نے کہا کہ محکمہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو یونٹ نہ صرف آگ لگنے کی صورت میں شہریوں کی املاک اور جان و مال کو بچانے کے لیے مستعدی سے خدمات انجام دیتا ہے بلکہ قدرتی آفات و حادثات میں بھی محکمہ فائر بریگیڈ شہریوں کی خدمت میں مصروف عمل رہتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سپر ہائی وے پر فائربریگیڈ کے عملے اور افسران کی تربیت کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اربن سرچ اینڈ ریسکیو اکیڈمی قائم کی ہے جہاں ماہرین اور بین الاقوامی شہرت یافتہ اساتذہ کرام عملے کو تربیت فراہم کررہے ہیں جبکہ فائربریگیڈ سے متعلق افسران کو جدید تربیت کے لیے بیرون ملک بھی بھیجا جاتاہے، انھوں نے کہا کہ فائرفائٹرز اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے خدمات انجام دیتے ہیں اس لیے وہ صحیح معنوں میں قوم کے ہیرو ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔