لارڈز ٹیسٹ: آسٹریلوی حملے پسپا، روٹ نے درگت بنادی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  اتوار 21 جولائی 2013
انگلش بیٹسمین روٹ کا کور ڈرائیو، وہ لارڈز میں ایشز سنچری بنانے والے کم عمر ترین بیٹسمین بن گئے۔  فوٹو: اے ایف پی

انگلش بیٹسمین روٹ کا کور ڈرائیو، وہ لارڈز میں ایشز سنچری بنانے والے کم عمر ترین بیٹسمین بن گئے۔ فوٹو: اے ایف پی

لندن: دوسرے ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے گیند کے بعد بیٹ سے بھی کینگروز کی درگت بنا دی۔

تیسرے روز 5 وکٹ پر333 رنز اسکورکر کے مجموعی برتری کو 566 تک پہنچا دیا، پورا دن سرپٹخنے کے باوجود کینگرو اٹیک کے حصے میں صرف 2 وکٹیں آئیں، جوائے روٹ حریف بولرز کے تمام حملے پسپا کرتے ہوئے 178 پر ناقابل شکست ہیں، ای ین بیل نے 74 رنز اسکور کیے، متنازع امپائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ایشز ٹیسٹ کا کنٹرول مکمل طور پر انگلینڈ کے ہاتھوں میں آگیا، اس نے تیسرے روز 5 وکٹ پر 333 رنز اسکور کیے، اس طرح مجموعی سبقت 566 رنز ہوچکی، ہفتے کو بھرپور کوشش کے باوجود آسٹریلیا کے ہاتھ صرف 2 وکٹیں ہی لگ پائیں۔

میزبان سائیڈ نے دن کا آغاز31 رنز 3 وکٹ سے کیا جو ایک روز قبل پیٹرسڈل نے اختتامی لمحات میں اڑائی تھیں، روٹ اور ٹم بریسنن مجموعے کو 129 تک لے گئے، اس طرح دونوں کے درمیان 99 رنز کی شراکت ہوئی، بریسنن کو پیٹنسن نے 38 رنز پر کرس روجرز کا کیچ بنایا، جلد ہی آسٹریلوی ٹیم نے ای ین بیل کی وکٹ پر بھی خوشیاں منانا شروع کیں مگر تھرڈ امپائر ٹونی ہل نے ان پر اوس ڈال دی، 3 کے انفرادی اسکور پر بیل کا ریان ہیرس کی گیند گلی میں اسٹیو اسمتھ نے کیچ تھامنے کا دعویٰ کیا مگر آن فیلڈ امپائرز کمار دھرما سینا اور مورس ایریسمس مطمئن دکھائی نہیں دیے۔

انھوں نے تھرڈ امپائر ٹونی ہل سے ریویو کیلیے رابطہ کیا جنھوں نے متعدد مرتبہ ٹی وی ری پلیز کا جائزہ لینے کے بعد کیچ کو مشکوک قرار دے دیا ، اسٹیو کی انگلیاں بظاہر گیند کے نیچے تھیں مگر پھر آگے کی جانب ڈائیو کی وجہ سے صورتحال کلیئر نہیں ہورہی تھی، آسٹریلیا کی جانب سے اس فیصلے پرناخوشی ظاہر کی جبکہ ریان ہیرس نے اپنی برہمی چھپانے کی کوشش نہیں کی، بعد ازاں بیل، اسٹیون اسمتھ کی گیند پر مڈ وکٹ کی جانب کرس روجرز کا کیچ بن گئے، انھوں نے 74 رنز اسکور کیے۔ جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو روٹ اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل کرنے کے بعد 178 رنز پر کھیل رہے تھے، اس دوران انھوں نے 2چھکے اور 18 چوکے لگائے، ٹاپ آرڈر پر ترقی ملنے کے بعد روٹ کی یہ پہلی بڑی اننگز ہے، بیئر اسٹو 11 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔