یوم علی ؓ: جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ کرانے کا حکم

اسٹاف رپورٹر  اتوار 21 جولائی 2013
شام میں حضرت زینبؓ کے مزار پر حملے کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کے تحت مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔فوٹو : ایکسپریس

شام میں حضرت زینبؓ کے مزار پر حملے کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کے تحت مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔فوٹو : ایکسپریس

کراچی:  ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ یوم حضرت علیؓ کے موقع پر مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے روٹس کے اطراف کی عمارتوں کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے سوئپنگ کرائی جائے گی۔
تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزر گاہوں سے گاڑیوں کی پارکنگ مناسب فاصلوں پر رکھی جائے گی، وہ گزشتہ روز جعفریہ الائنس اور آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے وفد سے ملاقات کررہے تھے، اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، رمضان اور بالخصوص یوم حضرت علیؓ کے حوالے سے سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا، غلام قادر تھیبو نے اجلاس میں شریک افسران کو حکم دیا کہ مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے روٹس کے اطراف کی عمارتوں کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ٹیکنیکل سوئپنگ اور کلیئرنس کے علاوہ اس عمل کے دوران پولیس کےK-9 یونٹ کو بھی استعمال میں لایا جائے۔

جبکہ مجالس کے ساتھ ساتھ برآمد ہونے والے جلوسوں اور مرکزی جلوس کے ساتھ چلنے والے پوائنٹس پر آغاز، اختتام اور اطراف کے لحاظ سے پولیس ڈپلائمنٹ کے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ اسپیشل برانچ، رینجرز سندھ اور انٹیلی جینس ایجنسیوں سے مسلسل رابطوں میں رہتے ہوئے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کے انسداد کو یقینی بنایا جائے، انھوں نے پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے روٹس پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

دیگر ضروری امور جیسے فراہمی آب، صفائی ستھرائی، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی موجودگی کے سلسلے میں کے ای ایس سی، واٹر بورڈ اور شہری انتظامیہ سے زونل سطح پر رابطوں کو ممکن بنایا جائے، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ ممکنہ قابل اعتراض وال چاکنگ اور سائن بورڈز کے ساتھ جلوسوں کے روٹس پر موجود تجاوزات کے خاتمے کے لیے شہری انتظامیہ کے تعاون سے تمام تر اقدامات کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔