چوتھا ون ڈے: کالی آندھی چل پڑی، پاکستان کو جیت کیلئے 262 رنز کا ہدف

ویب ڈیسک  اتوار 21 جولائی 2013
پاکستان 1988 کے بعد ویسٹ انڈیز کی سرزمین میں کالی آندھی کے خلاف کھیلی گئی کوئی بھی ون ڈے سیریز نہیں ہارا۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان 1988 کے بعد ویسٹ انڈیز کی سرزمین میں کالی آندھی کے خلاف کھیلی گئی کوئی بھی ون ڈے سیریز نہیں ہارا۔ فوٹو : اے ایف پی

سینٹ لوشیا: ویسٹ انڈیز نے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 262 رنز کا مشکل ہدف دیا ہے۔

سینٹ لوشیا کے بیوسجور کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیت کر پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈین ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس میزبان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھا۔ بارش کی وجہ سے میچ شروع ہونے میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے میچ کو 49 اوورز تک محدود کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے تمام کھلاڑیوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور مقررہ 49 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 261 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے مارلون سیمیولز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 104 گیندوں پر 106 رنز کی اننگ کھیلی، دیگر بلے بازوں میں جانسن چارلس 32 اور کرس گیل 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2 اور شاہد آفریدی، سعید اجمل، جنید خان اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کے لئے پاکستانی ٹیم میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جب کہ ویسٹ انڈیز نے کیون پولارڈ کی جگہ ڈیون اسمتھ کو شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جارہی 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں اب تک 3 میچ کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے دونوں ٹیموں کے ہاتھ ایک ایک بار فتح آئی ہے جبکہ تیسرا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا، گزشتہ میچ کی طرح چوتھے ایک روزہ میچ میں بھی دلچسپ مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان 1988 کے بعد ویسٹ انڈیز کی سرزمین میں کالی آندھی کے خلاف کھیلی گئی کوئی بھی ون ڈے سیریز نہیں ہارا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔