پٹیل پاڑہ میں ہلاک افراد نے یوم علی پر دہشتگردی کی منصوبہ بندی کررکھی تھی، پولیس

ویب ڈیسک  اتوار 21 جولائی 2013
 انویسٹی گیشن پولیس نے مکان کے مالک اہلکار منصور شاہ کو حراست میں لے  کر تفتیش شروع کردی ہے، فوٹو : ایکسپریس

انویسٹی گیشن پولیس نے مکان کے مالک اہلکار منصور شاہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، فوٹو : ایکسپریس

کراچی: گزشتہ روز پٹیل پاڑہ کے ایک مکان میں بارودی مواد پھٹنے سے ہلاک ہونے والے شر پسندوں نے یوم علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو دہشتگردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا ۔

سی آئی ڈی پولیس کےمطابق پٹیل پاڑہ میں دھماکےکےزخمی ملزم نےتفتیش کےدوران انکشاف کیا ہے کہ ملزمان نے 21 رمضان المبارک کو دہشت گردی کا منصوبہ بنایا تھا تاہم ابھی جگہ کا تعین نہیں کیا گیا تھا۔ مرنے والا ایک دہشت گرد متین الدین بم بنانے میں مہارت رکھتاتھااور کالعدم لشکر جھنگوی کا مقامی رہنما تھا جبکہ سبحان اور نعیم دھوبی کا کام کرتے تھے، دھماکے میں زخمی ہونے والا عامر مکان میں موجود افراد کے لئے چائے اور کھانا بناتا تھا، سبحان، نعیم اور عامر بم بنانے میں متین الدین کی معاونت کرتے اور انہیں دھماکے کی جگہ تک پہنچاتے تھے۔

دوسری جانب انویسٹی گیشن پولیس نے مکان کے مالک اہلکار منصور شاہ کو حراست میں لے  کر تفتیش شروع کردی ہے، پولیس کا خیال ہے کہ منصور شاہ کو مکان میں موجود افراد کی اصلیت کا پتہ تھا تاہم پیسوں کے لالچ میں اس نے بغیر کسی قانونی کارروائی کے مکان کرایے پر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔