انٹر بورڈ، 30 فیصد حاضری کے حامل طلبا کو امتحان میں شرکت کی اجازت

صفدر رضوی  پير 22 جولائی 2013
کمیٹی 75 فیصد حاضری کے حامل طلبا کو امتحانات میں شرکت کی اجازت دیتی ہے، بورڈ محکمہ تعلیم کی آنکھوں میں دھول جھونکے لگا۔ فوٹو: فائل

کمیٹی 75 فیصد حاضری کے حامل طلبا کو امتحانات میں شرکت کی اجازت دیتی ہے، بورڈ محکمہ تعلیم کی آنکھوں میں دھول جھونکے لگا۔ فوٹو: فائل

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ نے محض30فیصد سے بھی کم حاضری کی بنیادپر انٹرسال اول اوردوئم کے طلبا کوامتحان میں شرکت کی اجازت دینے کا سلسلہ شروع کردیا۔

بورڈ کی جانب سے یہ اجازت طلبا کو ہر سال دسمبر میں اس وقت دی جاتی ہے جب کالجوں میں ان کی حاضری30 فیصد نہیں ہوپاتی تاہم پرنسپلز کی جانب سے امتحانی فارم پر 75فیصد حاضری ظاہرکی جاتی ہے اور ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ اس فارم کی تصدیق کردیتی ہے،اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے عوام اورمحکمہ تعلیم کی آنکھوں میں دھول جھونکے کا یہ سلسلہ چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی کے گزشتہ 6 سالہ دورسے جاری ہے،واضح رہے کہ صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے کم از کم 75فیصد حاضری کے حامل طلبہ وطالبات کو میٹرک اورانٹرکے امتحانات میں شرکت کی اجازت دینے کی منظوری دے رکھی ہے اور ہر سال امتحانی شیڈول کی منظوری کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اس فیصلے کااعادہ کیا جاتا ہے۔

چیئرمینز بورڈزکی جانب سے اس فیصلے پرعملدرآمد کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے تاہم اس کے برعکس جب بورڈ کی جانب سے سرکاری کالجوں میں امتحانی فارم بھجوائے جاتے ہیں تواس وقت طلبا کی حاضری 30 فیصد بھی نہیں ہوپاتی کیونکہ سرکاری کالجوں میں انٹرسال اول کی کلاسز کاآغاز ہی بمشکل اکتوبرمیں ہوپاتا ہے،محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے تعلیمی بورڈزکو اس امرکا پابند بھی کررکھاہے کہ وہ ہرماہ سرکاری کالجوں سے حاضری رجسٹر منگواکر طلبا کی حاضری چیک کریں تاہم اس فیصلے پر بھی بورڈ انتظامیہ کی جانب سے عملدرآمد نہیں ہورہا،اس سلسلے میں چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ سے موقف جاننے کی کوشش کی تو وہ فون سننے سے گریز کرتے رہے ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔