عیسیٰ نگری دھماکا:جاں بحق پولیس اہلکار کی نارتھ کراچی میں تدفین

ساجد رؤف  پير 22 جولائی 2013
 محافظ سہیل انجم صدیقی۔ فوٹو: فائل

محافظ سہیل انجم صدیقی۔ فوٹو: فائل

کراچی: عیسیٰ نگری بم دھماکے میں جان بحق میونسپل کمشنر کے محافظ پولیس اہلکار کو نارتھ کراچی میں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ہفتے کو عیسیٰ نگری کے قریب موٹر سائیکل میں کیے جانے والے بم دھماکے میں جاں بحق میونسپل کمشنر متانت علی کے محافظ اور فلیٹ نمبر A-3 یوپی موڑ نارتھ کراچی کے رہائشی54 سالہ پولیس اہلکار سہیل احمد صدیقی کی نماز جنازہ گزشتہ روز بعد نماز ظہر گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی ،نماز جنازہ میں ایس پی ہیڈ کوارٹر، ایس پی سیکیورٹی سمیت دیگر افسران و اہلکار اور مقتول کے اہلخانہ اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔

بعدازاں نارتھ کراچی محمد شاہ قبرستان میں ان کی تدفین کی گئی،مقتول اہلکار کے بیٹے فہد احمد صدیقی نے بتایا کہ ان کے والد سیکیورٹی زون میں سی کمپنی میں تعینات تھے اور ان دنوں میونسپل کمشنر متانت علی کے محافظ کی ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے، پسماندگان میں 2 بیٹیاں ، 3بیٹے اور بیوہ شامل ہیں،والد کو کبھی کسی قسم کی دھمکی نہیں ملی تھی،والد ایک اچھے دوست کی طرح تھے،واقعے کی اطلاع انھیں ٹیلی ویژن کی خبر سے ملی جس پر وہ عباسی اسپتال پہنچے،انھوں نے بتایا کہ وہ جامعہ کراچی میں ملازمت کرتے ہیں جبکہ ان کے دیگر2 بھائی بلال احمد صدیقی کے ایم سی اور احمر صدیقی عباسی اسپتال میں کنٹریکٹ پر ملازم ہیں،محکمہ پولیس کی جانب سے ابتدائی طور پر40 ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں، والد کا سوئم آج فلیٹ نمبر A-3 پلاٹ نمبرP-137 یوپی موڑ نارتھ کراچی میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔