نیب کا اوگرا کیس میں گیلانی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

این این آئی  پير 22 جولائی 2013
اربوں روپے کی کرپشن میں سابق وزیرعظم کا مرکزی کردار ہے، وہ اور ان کے اہلخانہ ہی سب سے زیادہ مستفید ہوئے، سابق چیئرمین اوگرا۔ فوٹو: فائل

اربوں روپے کی کرپشن میں سابق وزیرعظم کا مرکزی کردار ہے، وہ اور ان کے اہلخانہ ہی سب سے زیادہ مستفید ہوئے، سابق چیئرمین اوگرا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے اوگرا کرپشن کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو گرفتار کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔

برطانوی نیوزویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب خالد سرگانہ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے وارنٹ گرفتاری کیلیے کل احتساب عدالت سے رجوع کرنے کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرکے وارنٹ کے اجرا کی استدعا کی جائے گی۔ سابق وزیراعظم پر توقیر صادق کے تقرر اور غیر قانونی سی این جی لائسنس دلانے کا الزام ہے۔

توقیر صادق نے دوران تفتیش سابق وزیراعظم کے اسکینڈل میں ملوث ہونے سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق توقیر صادق نے تفتیشی افسران کو بتایا کہ کئی ارب روپے کی کرپشن میں سابق وزیراعظم کا مرکزی کردارہے اور وہ اور ان کے اہلخانہ ہی سب سے زیادہ مستفید ہوئے۔ اس حوالے سے نیب کو کئی ٹھوس شواہد بھی فراہم کیے ہیں اور اسی بنا پر نیب نے سابق وزیراعظم کو طلب کیا تھا تاہم انھوں نے استثنیٰ کا جواز بنا کر پیش ہونے سے انکار کردیا۔ نیب بہت جلد چیئرمین سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن اور دیگر کے خلاف بھی نوٹس جاری کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔