پنجاب کو ہفتے میں7 دن گیس فراہم کرنیکا شیڈول تیار

 پير 22 جولائی 2013
نئے شیڈول پر عملدرآمد وزیراعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد شروع کیا جائے گا فوٹو: فائل

نئے شیڈول پر عملدرآمد وزیراعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد شروع کیا جائے گا فوٹو: فائل

لاہور: پنجاب بھرکی صنعتوں کیلیے گیس فراہمی کاطریقہ کارتبدیل کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

ہفتے میں ڈھائی دن یعنی60گھنٹے کے بجائے ہر روز 8گھنٹے یاتسلسل کے ساتھ کوٹے کے مطابق 7دن ہی گیس فراہم کرنے کا شیڈول تیار کرلیاگیا،نئے شیڈول پر عملدرآمد آئندہ 24 گھنٹوں میں وزیراعظم نوازشریف کی منظوری کے بعد شروع کر دیا جائیگا۔ اتوار کو  رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے پنجاب کی صنعتوں کوہفتے میں ساڑھے4دن گیس بند رکھنے کا سخت نوٹس لیاہے اور اس معاملے کو کل تک ہر صورت میں صنعتکاروں کی مشاورت سے حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کادعویٰ ہے کہ پنجاب کے صنعتی شہروں لاہور، شیخوپورہ اور ساہیوال کو ہفتے میں ڈھائی دن یعنی 60گھنٹے کے بجائے روزانہ 8سے 9گھنٹے یعنی زیادہ سے زیادہ 63گھنٹے کے فارمولے کے تحت گیس فراہم کی جائے گی تاکہ کسی بھی دن فیکٹری کو بند نہ کیاجائے اور صنعتکار باقی گھنٹوں میں متبادل نظام کے ساتھ فیکٹریاں چلاتے رہیں۔ نئے پلان کے تحت فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ ،ملتان اور راولپنڈی کی صنعتوں کوگیس ہرروزملے گی اور پریشر بھی کم نہیں ہو گامگراس کا ہفتہ وار کوٹہ مقرر کر دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔