رابرٹ ڈاؤنی ،دنیا کے منہگے ترین اداکار

سید بابر علی  پير 22 جولائی 2013
امریکی جریدے نے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے 100اداکاروں کی فہرست شایع کردی فوٹو : فائل

امریکی جریدے نے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے 100اداکاروں کی فہرست شایع کردی فوٹو : فائل

ہالی وڈگلیمر کی ایک ایسی دنیا ہے جہاں کام کرنے والے اداکاروں کے لیے شہرت اور دولت ان کے گھر کی باندی ہے ۔

ہالی وڈ میں جہاں ایک طرف اداکاروں میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی ڈور ہے تو دوسری طرف ہر اداکار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ دنیا کا سب سے معاوضہ لینے والا اداکار بن جائے۔ امریکی جریدے ’’فاربس‘‘ نے گزشتہ مالی سال میں دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے100 اداکاروں کی فہرست شائع کی ہے۔ جس کے مطابق رابرٹ ڈاؤنی جونئیردنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن گئے ہیں۔

دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ٹاپ ٹین اداکاروں کی آمدنی اور مختصر احوال درج ذیل ہے۔

1 رابرٹ ڈاؤنی جونیئر
4اپریل 1964میں مین ہیٹن میں پیدا ہونے والے رابرٹ نے 5سال کی عمر سے ہی فلموں میں کام شروع کردیا تھا۔ ان کی پہلی فلم 1970میں ریلیز ہونے والی’’پاؤنڈ‘‘ تھی اس فلم کے ہدایت کار ان کے والد رابرٹ ڈاؤنی سینئر تھے۔ فلموں میں کامیابی کی ضمانت سمجھے جانے والے امریکی اداکار رابرٹ ڈاؤنی گزشتہ سال ریلیز ہونے والی 6فلموں میں ہیرو تھے اور ان کی ہر ایک فلم نے باکس آفس پر تقریباً50کروڑ ڈالر کا بزنس کیا ۔

جب کہ ان میں سے دو فلموں ’’دی ایونجرز‘‘ نے ایک ارب 50 کروڑڈالر اور ’’آئرن مین3‘‘ نے ایک ارب ڈالر سے زائد کابزنس کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ہر اسٹوڈیو انہیں منہ مانگے معاوضے پر کاسٹ کرنے کا خواہش مند ہے۔ فہرست کے مطابق رابرٹ نے اداکار چیننگ ٹے ٹم اور ہیوگ جیک مین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گزشتہ مالی سال میں 7کروڑ50 لاکھ ڈالر کمائے۔

2 چیننگ ماتھیو ٹے ٹم
26اپریل 1980میںامریکی ریاست الباما میں پیدا ہونے والے چیننگ نے اپنے کیرئیر کاآغاز2000میںرکی مارٹن کی میوزک ویڈیو’’شی بینگ‘‘ سے بطور ڈانسر کیا جس کا انہیں 400ڈالر معاوضہ ملا تھا۔2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’اسٹیپ اپ‘‘ میں ان کی بہترین اداکاری نے فلم سازوں کو اپنی طرف متوجہ کردیا اور یہیں سے ان کی کامیابی کا سفر شروع ہوا ۔

ٹے ٹم ایک اچھے اداکار ہی نہیں بلکہ ایک کامیاب بزنس مین بھی ہیں۔ ماتھیوکی ہدایت کاراسٹیون سوڈر برگ کے ساتھ شراکت میں 70لاکھ ڈالر بجٹ سے بنائی گئی فلم’’مووی میجک‘‘ نے دنیا بھر کے باکس آفس پر16کروڑ70لاکھ ڈالر کا بزنس کیا تھا۔ جون 2012سے جون2013کے عرصے میںماتھیوکی مجموعی آمدنی 6کروڑ ڈالر رہی۔

3 ہیوگ جیک مین
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ہیوگ جیک مین کی تاریخ پیدائش 12اکتوبر1968ہے۔ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی سڈنی سے صحافت کی ڈگری لینے والے جیک مین نے اپنے کیر ئیر کا آغاز اے بی سی ٹی وی کے ڈرامے’’کوریلی‘‘ سے کیا۔ جیک مین سوشل میڈیا کے بہت دلدادہ ہیں اور ٹوئٹر پر ان کے فالوورز کی تعداد 27لاکھ سے زیادہ ہے۔گزشتہ ایک سال میں ہیوگ نے تقریباً 5کروڑ50لاکھ معاوضہ لیا۔

فاربس کی فہرست میں ان کا نمبر تیسرا ہے ۔ جیک مین کی آمدنی میں اضافے کی اہم وجہ فلم ’’ایکس مین ‘‘ کی باکس آفس پر شان دار کامیابی بھی ہے۔ فلم میں ان کے کردار ’’وولویرین‘‘ کو شائقین فلم نے بہت پسند کیا تھا۔
4 مارک وہیلبرگ
سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے افراد کی فہر ست میں امریکی اداکار مارک وہیل برگ کا نمبر چوتھا ہے۔ مارک نے جون2012سے جون2013کے عرصے میں 5 کروڑ 20لاکھ ڈالر معاوضہ لیا۔2012 میں ان کی فلم ’’ٹیڈ‘‘ نے بے مثال کامیابی حاصل کی تھی۔ 5کروڑڈالر بجٹ کی اس فلم نے باکس آفس پر 55کروڑ ڈالر کا بزنس کیا تھا اور اس سے ملنے والے منافع نے مارک کی آمدنی میں قابل قدر اضافہ کیا۔

5 ڈیون ڈگلس جانسن(دی روک)
امریکن نژاد ڈگلس جانسن کو ان کے اصلی نام سے تو شاید ہی کوئی جانتا ہو لیکن ’’دی روک ‘‘ کے نام سے انہیں بچہ بچہ پہچانتا ہے۔ ریسلنگ کے چیمپئن دی روک نے فلمی کیرئیر کا آغاز 2000میں فلم ’’اٹ ڈزنٹ میٹر‘‘ سے کیا۔ گزشتہ مالی سال میں روک نے 4کروڑ60لاکھ ڈالر معاوضہ لیا۔ ڈگلس کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی’’فاسٹ اینڈ فیورس6‘‘ نے 69کروڑ50لاکھ ڈالر کا بزنس کیا ہے۔ جب کہ اس فلم پر16کروڑ ڈالر لاگت آئی تھی۔ دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست میں روک کا نمبر پانچواں ہے۔

6 لیونارڈوڈی کیپریو
فلم ’’ٹائی ٹینک‘‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے امریکی اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے جون2012سے جون2013 میں3کروڑ 90لاکھ کمائے۔ فاربس کی فہرست میں ان کا نمبر چھٹا ہے۔ان کی فلم ’’دی گریٹ گیٹس بائے‘‘ نے باکس آفس پر 25کروڑ کا بزنس کیا تھا۔

7 ایڈم سینڈلر
مزاحیہ اداکار ایڈم سینڈلر کا تعلق بھی امریکا سے ہے۔گزشتہ مالی سال میں ایڈم نے 3کروڑ 70لاکھ ڈالر کمائے۔ باکس آفس پر ان کی فلمیں ’’ڈیٹس مائی بوائے ‘‘اور’’جیک اینڈ جل‘‘ خاص کامیابی حاصل نہ کرسکیں۔ لیکن اینی میٹڈ فلم ’’ ہوٹل ٹرانسلوانیا‘‘ کی شان دار کامیابی ان کی آمدنی میں اضافے کا سبب بن گئی۔8 کروڑ 50لاکھ ڈالر کے بجٹ سے بننے والی اس فلم نے 34کروڑ 70لاکھ ڈالر کا بزنس کیا تھا۔ فلم سے ملنے والے منافع نے ایڈم سینڈلر کو سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر کھڑا کر دیا ہے ۔

8 ٹام کروز
ہالی وڈ کے خوبرو اور ایکشن اداکاروں میں سے ایک نام ٹام کروز کا بھی ہے ۔ مشن امپوسیبل کے ہیرواورگولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے والے ٹام کروز نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 19سال کی عمر میںفلم ’’ٹیپس‘‘ سے کیا تھا۔2012 میں ٹام کروز ہالی وڈ کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار تھے۔ چھ کروڑ ڈالر کے بجٹ میں بننے والی ٹام کی فلم ’’جیک ریچر‘‘ نے21کروڑ70لاکھ ڈالر کا بزنس کیا تھا۔فاربس کے مطابق جون2012سے جون2013میں ٹام نے3کروڑ 50لاکھ ڈالر کمائے۔ دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروںکی فہرست میں ان کا نمبر آٹھواں ہے۔

9 ڈینزل واشنگٹن
متعدد فلمی ایوارڈ حاصل کرنے والے اداکار، ہدایت کار ڈینزل واشنگٹن نے گزشتہ مالی سال میں3کروڑ30لاکھ ڈالرمعاوضہ لیا۔ فلم ’’فلائٹ‘‘ میں بہترین اداکاری پر انہیں آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ 3کروڑ10لاکھ ڈالر کے بجٹ سے بننے والی اس فلم نے 16کروڑ20لاکھ ڈالر کا بزنس کیا تھا۔ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروںکی فہرست میں ڈینزل واشنگٹن نویں نمبر پر ہیں۔

10 لیام نیسن
آئر لینڈ سے تعلق رکھنے والے لیام نیسن نے جون 2012سے جون 2013 کے عرصے میں 3کروڑ 20لاکھ ڈالر معاوضہ لیا۔ دنیامیں سب سے معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست میں لیام کا نمبر دسواں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔