عدالت سے فرار: اہم ملزمان کا سراغ لگانے میں سی آئی ڈی ناکام

منور خان  منگل 23 جولائی 2013
ملزمان کو جو ہتھکڑیاں لگائی گئی تھیں انھیں کھولنا آسان بات نہیں ہے ، ذرائع  فوٹو فائل

ملزمان کو جو ہتھکڑیاں لگائی گئی تھیں انھیں کھولنا آسان بات نہیں ہے ، ذرائع فوٹو فائل

کراچی:  سی آئی ڈی کی حراست سے سٹی کورٹ میں پیشی کے بعد فرار ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث 2 ملزمان کا سی آئی ڈی پولیس سراغ لگانے میں ناکام رہی۔

ملزمان کے فرار ہونے سے قبل بکتر بند میں سوار پولیس افسر اور ڈرائیور اتر کر باہر گئے تھے بعدازاں ملزمان ہتھکڑی کھول کر اگلے دروازے سے نکل کر فرار ہوگئے اور عقبی گیٹ پر سپاہی پہرہ دیتا رہ گیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ملزمان کے فرار ہونے کی مختلف پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات شروع کر دی۔ سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل گارڈن پولیس سٹی کورٹ سے فرار ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث 2 ملزمان کا سراغ لگانے میں تاحال ناکام رہی ، بم دھماکوں میں ملوث ملزمان کو سی آئی ڈی پولیس نے 13 جولائی کو سٹی کورٹ لائی تھی ۔

جہاں پیشی کے بعد وہ پراسرار طور پر بکتر بند سے فرار ہوگئے۔ ملزمان کے بکتر بند سے فرار ہونے کے انکشاف پر پولیس افسران نے اپنے اعلیٰ افسران کو ملزمان کے فرار ہونے کے بارے میں آگاہ کیا جس پر تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ سی آئی ڈی ذرائع کا کہنا ہے ملزمان کو جو ہتھکڑیاں لگائی گئی تھیں انھیں کھولنا آسان بات نہیں ہے تاہم سی آئی ڈی کے اعلیٰ افسران نے دکھاوے کی کارروائی کرتے ہوئے انسپکٹر حمید اﷲ ، انسپکٹر گل اسلام ، کانسٹیبل عقیل ، سہیل ، ظفر اور اعجاز کو معطل کر کے گرفتار کرلیا اور ملزمان کے فرار کی اصل وجہ کو صیغہ راز میں رکھا گیا۔

سی آئی ڈی ذرائع کا کہنا ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کو مبینہ طور پر فرار کا موقع فراہم کرنے کے حوالے سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔ سی آئی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کی حفاظت پر مامور پولیس افسران اور اہلکاروں کے موبائل فونز کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔