آپ اپنا امتحان لیجئے

سید عاصم محمود  اتوار 3 فروری 2019
ایک انسان زندگی گزارتے ہوئے کبھی نہ کبھی کسی بداخلاقی کا مظاہرہ کرسکتا ہے

ایک انسان زندگی گزارتے ہوئے کبھی نہ کبھی کسی بداخلاقی کا مظاہرہ کرسکتا ہے

ایک انسان زندگی گزارتے ہوئے کبھی نہ کبھی کسی بداخلاقی کا مظاہرہ کرسکتا ہے۔ بعد میں وہ وجہ بھی گھڑلیتا ہے۔ مثلاً یہ کہ جلدی میں تھا یا غصے میں آگیا۔ یا میں پریشان تھا اسی لیے بد اخلاق بن بیٹھا ۔ تاہم ہر انسان کو یہ ضرور معلوم ہونا چاہیے کہ برائی کس حد سے شروع ہوتی ہے لہٰذا انسان کی کوشش ہونی چاہیے کہ وہ خود کو اس حد تک پہنچنے نہ دے۔ ذیل میں چھوٹا سا امتحان پیش ہے۔ اسے انجام دے کر جائیے کہ اخلاق حسنہ اختیار کرنے اور برتنے میں آپ کہاں کھڑے ہیں۔

سوال1:۔ آپ کی اپنے دوست کی دادی یا نانی سے ملاقات ہوئی۔ آپ انہیں کیسے مخاطب کریں گے؟

(ا) آنٹی، نانی جان یا اماں جی کہہ کر۔

(ب) بس ہاتھ ملا کر ایک طرف ہوجائیں گے۔

(ج) جیسا کہ آپ ہر نئے ملاقاتی سے پوچھتے ہیں، نانی سے بھی پوچھیں گے:’’ آپ فیس بک پر ہیں؟

سوال2:۔ ایک انسان کا دوسرے سے عام طور پر کتنا فاصلہ ہونا چاہیے جسے ’’ذاتی دائرے‘‘ کا نام دیا جاسکے؟

(ا) اٹھارہ انچ آئیڈیل ہے مگر کم ازکم ایک فٹ۔

(ب) تین فٹ۔

(ج) میں جواب نہیں دے سکتا کیونکہ کوئی میرے سر پہ جھکا یہ سوال پڑھ رہا ہے۔

سوال3:۔ جب کوئی مسلسل پانچ منٹ بولتا چلا جائے تو آپ کا ردعمل کیا ہوگا؟

(ا) اس کی گفتگو ختم ہونے کا انتظار کریں گے۔

(ب) گفتگو سنتے رہیں گے مگر بے چینی کا اظہار کرتے ہوئے جیسے دباؤ کا شکار ہوں۔

(ج) اسے کہیں گے کہ ارے خاموش ہوجاؤ ،میں کسی کی اتنی لمبی باتیں نہیں سن سکتا۔

سوال4:۔ ہوائی اڈے پر لگی قطار میں آپ نے دیکھا کہ ایک خاتون کی گود میں رونے والا بچہ ہے اور اس نے بیگ میں سنبھال رکھا ہے۔ آپ کیا کریں گے؟

(ا) خاتون کا بیگ تھام کر اس کی مدد کریں گے۔

(ب) یہ منظر خاموشی سے دیکھتے رہیں گے کہ عورت بچے اور بیگ کو سنبھالتے ہوئے مشکل میں ہے۔

(ج) عورت کی حالت دیکھ کر ناک بھوں چڑھائیں گے اور دوسرے لوگوں کو اشارے سے کہیں گے کہ یہ کیا مصیبت آ گئی۔

سوال5:۔ ’’شکریہ‘‘ اور ’’برائے مہربانی‘‘ کے کلمے کیا پتا دیتے ہیں؟

(ا) یہ ایک مہذب معاشرے کی جان ہیں۔

(ب) ان کے ذریعے اجنبیوں سے مختصر بات چیت کرنے میں مدد ملتی ہے۔

(ج) فضول جملے ہیںجن سے صرف پرائمری کی استانی ہی متاثر ہوسکتی ہے۔

سوال6:۔ پڑوسیوں اور دفتر کے عملے وغیرہ سے ملتے ہوئے آپ نے اپنے بچوں کو کیا کہنے کی ہدایت دے رکھی ہے؟

(ا) انہیں سلام کریں اورخیریت دریافت کریں۔

(ب) اگر وہ سامنے سے گزریں تو سلام کریں۔

(ج) انہیں نظر انداز کردینا۔ بچوں کو بڑوں سے ملنے کی کیا ضرورت ہے؟

سوال7:۔ جب آپ کسی شاپنگ مال میں داخل ہونے لگیں اور وہاں بہت ہجوم ہو، تو دروازے پر آپ کا رویّہ کیسا ہوگا؟

(ا) آپ دروازہ تھام لیں گے تاکہ پیچھے آنے والا بھی اسے تھام کر گزر جائے۔

(ب) دروازہ یہ سوچ کر پوری طرح کھول دیں گے کہ پچھلا آدمی اسے پکڑ لے گا۔

(ج) بے پروائی سے دروازہ کھولتے گزر جائیں گے۔ دروازہ تھام کر رکھنا آپ کا کام تو نہیں!

سوال8:۔کھانے کی میز پر مہمان بیٹھے ہیں ۔سب کھانا کھارہے ہیں۔ تب آپ کا موبائل کس حالت میں ہوگا؟

(ا) آپ اسے بند کرچکے۔

(ب) وہ سائلنٹ موڈ میں ہوگا مگر آپ نے اسے قریب ترین جیب میں رکھا ہے۔

(ج) آپ ہر دو تین منٹ بعد اسے چیک کریں گے، خصوصاً جب کوئی بات کررہا ہو۔

سوال9:۔ آپ طویل عرصے بعد ایسے دوست سے ملے جو فربہ ہوچکا۔ تب آپ کا رویّہ کیسا ہوگا؟

(ا) آپ کہیں گے کہ وہ بڑا صحت مند ہوچکا اور پھر دیگر موضوعات پر گفتگو کرنے لگیں گے۔

(ب) اس کی جسمانی حالت پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

(ج) اس کا پیٹ پکڑ کر دوست کا مذاق اڑانے لگیں گے۔ اس کی تضحیک کریں گے۔

سوال10:۔ آپ ایک ساتھی کے ساتھ اہم دفتری معاملے پر بات کررہے ہیں کہ لفٹ میں داخل ہوگئے۔ اب آپ کا عمل کیسا ہوگا؟

(ا) لفٹ میں داخل ہوکر خاموش ہوجائیں گے۔ لفٹ سے نکل کر بات کریں گے۔

(ب) سرگوشیوں میں اور ’’کوڈ ورڈ‘‘ استعمال کرتے ہوئے بات جاری رکھیں گے۔

(ج) بدستور اونچی آواز میں باتیں کرتے رہیں گے۔

سوال11:۔ آپ کو شدید کھانسی آرہی ہے۔ اس کیفیت میں آپ کو خریداری کرنے بازار جانا پڑا۔ آپ تب کیسی تیاری کریں گے؟

(ا) رومال، ٹشو پیپر اور دوا آپ کے ساتھ ہوگی۔

(ب) آپ کوشش کریں گے کہ جب کھانسی آئے، تو کسی سنسان مقام پر چلے جائیں۔

(ج) جب بھی کھانسی آئے، آپ بے پروا انداز میں کھانسنے لگیں گے، چاہے گاہکوں سے بھری دکان میں موجود ہوں۔

سوال12:۔ آپ اپنے شرارتی بچوںکے ساتھ ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے جاتے ہیں۔ آپ بچوں کو کیا ہدایات دیں گے؟

(ا) یہ کہ وہ تمیز سے اپنی کرسیوں پر بیٹھیں۔ کھانے کی ہر شے انہیں مل جائے گی۔

(ب) آپ بچوں کو کسی ریسٹورنٹ میں ساتھ لے کر نہیں جاتے البتہ برگر کھلانے میکڈونلڈ وغیرہ لے جاتے ہیں جہاں بچوں کے کھیلنے کی جگہیں موجود ہیں۔

(ج) آپ بچوں کو کچھ نہیں کہتے اور وہ ریسٹورنٹ میں اچھل کود کرتے رہتے ہیں۔ آخر وہ بچے ہی تو ہیں!

سوال13:۔ آپ نے انٹرنیٹ پر ایسا مضمون پڑھا جو آپ کے خیالات و اعتقادات کے خلاف ہے۔ آپ اس کا ضرور جواب دینا چاہتے ہیں۔ آپ کیا طریق کار اختیار کریں گے؟

(ا) دلائل کے ذریعے اختلافی امور پر جامع نوٹ لکھ کر جواب دیں گے۔

(ب) جذبات سے بھرا جواب لکھیں گے اور اس طویل مضمون کا لنک ساتھ دیں گے جسے آپ نے گھنٹوں کی مشقت سے لکھاہے۔

(ج) آپ تمام کمنٹس (تبصرے) پڑھیں گے اور جس نے تحریر سے اتفاق کیا ہے، اسے دھمکیاں دیں گے۔

سوال14:۔ آپ بس میں بیٹھے ہیں۔ ایک بوڑھا آدمی سوار ہوتا ہے۔ آپ کیا کریں گے؟

(ا) اٹھ کر خاموشی سے اپنی نشست پیش کردیں گے۔

(ب) اٹھ کر باآواز بلند اصرار کریں گے کہ وہ آپ کی نشست پر بیٹھ جائے۔

(ج) بوڑھے سے آنکھ نہیں ملائیں گے کہ کہیں وہ آپ کو اٹھنے کا کہہ دے۔

نتائج

٭… اگر زیادہ تر جوابات الف (ا) پر مشتمل ہیں تو آپ ایک مہذب اور بااخلاق انسان ہیں۔ آپ رحم دلی اور ہمدردی کی اہمیت جانتے ہیں۔ آپ صورتحال کے مطابق ردعمل دکھاتے اور برائی سے حتی الامکان دور رہتے ہیں۔ آپ کی شخصیت مثالی ہے۔

٭… آپ کے زیادہ تر جوابات (ب) والے ہیں، تو آپ اخلاق حسنہ کی قدرو قیمت سے تو واقف ہیں مگر آپ میں خود نمائی کا بھی جذبہ ہے۔ لہٰذا آپ اپنے آپ کو نمایاں کرنے کی کوشش میں کبھی کبھی دوسروں کے تکلیف کا باعث بھی سن سکتے ہیں۔ ضروری ہے کہ آپ جلد بازی نہ دکھائیے اور سکون سے کام لیجیے۔

٭… اگر آپ کے بیشتر جواب (ج) زمرے میں شامل ہیں تو مطلب یہ کہ آپ کو اپنی ذات کے علاوہ کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ آپ ایسی غار میں مقیم ہیں جہاں معاشرتی ادب و آداب آپ تک نہیں پہنچ سکے۔ آپ اپنی ذات کے خول سے باہر نکلیے اور دوسرے لوگوں کو سہولت و آرام پہنچانے کا بھی سوچئے۔n

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔