پولیس موبائل نما گاڑی میں سوار ملزمان نے تاجروں سے بھتہ وصول کرلیا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 6 فروری 2019
تینوں سے رقم اورسونالوٹ کر بچہ جیل کے قریب اتارکر ملزمان موبائل میں ہی فرارہوگئے۔ فوٹو: فائل

تینوں سے رقم اورسونالوٹ کر بچہ جیل کے قریب اتارکر ملزمان موبائل میں ہی فرارہوگئے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پولیس موبائل سے مماثل گاڑی میں سوار بھتہ خوروں نے تاجروں سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کرلیا۔

پولیس موبائل سے مماثل موبائل پولیس کے لیے درد سربن گئی ہے گزشتہ دنوں سکھن تھانے کی لیبر اسکوائرسیکٹر اے /52 میں پولیس موبائل سے مماثل گاڑی میں سوار بھتہ خور سنارکی دکان میں داخل ہوئے اوردکان میں رکھی رقم ایک لاکھ 20 ہزارروپے اور800 گرام سونا دکاندارکی جیب میں ڈال دیے۔

دکان میں موجود دکاندارمظفر حسین اوراس کے 2 دوستوں مدثر اور آصف کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر موبائل نما گاڑی میں بٹھادیا اورکچھ فاصلے پر لے جاکر دکاندار کی جیب میں موجود ایک لاکھ 20ہزار روپے اور 800 گرام سونا،مدثرکی جیب سے55 ہزار روپے اور آصف کی جیب سے 5 ہزارروپے نکال کر نیشنل ہائی وے بچہ جیل کے قریب چھوڑ دیا اور بھتہ خور گاڑی میں فرارہوگئے۔

بھتہ خوروں کی تعداد 6 تھی جو سادہ لباس میں ملبوس تھے، واقعے کا مقدمہ دکاندار مظفر حسین کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

اسی طرح کا ایک اور واقعہ قائد آباد تھانے کی حدود نیشنل ہائی وے پر پیش آیا جہاں پولیس موبائل سے مماثل گاڑی میں سوار بھتہ خوروں نے موٹر سائیکل سوار تاجر آصف سے 2 لاکھ 5 ہزار روپے اور اس کا موبائل فون چھین لیا جس مقدمہ قائد آباد تھانے میں درج کرلیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔