طبی بنیادوں پر نواز شریف کی درخواست ضمانت، میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز عدالت طلب

ویب ڈیسک  بدھ 6 فروری 2019

 اسلام آباد: نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی ہے جب کہ عدالت نے میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل گراوٴنڈ پر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر جس میں پنجاب حکومت کے اسپیشل میڈیکل بورڈ نے رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایسے اسپتال میں رکھا جائے جہاں 24 گھنٹے اچھی طبی سہولیات میسر ہوں، نوازشریف کو دل کی شریانوں کا مرض لاحق ہے۔

اسپیشل میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں تجویز کیا کہ نوازشریف کے دل کے مرض کی وجہ سے ان کے پرانے معالج سے بھی مشورہ کیاجائے جب کہ بلڈ شوگر اور بلڈ چارٹ کو مینٹین رکھا جائے، انجکشنز کی تعداد 20 سے بڑھا کر 24 کردی گئی ہے۔ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں مریض کے لیے مستقل آرام تجویز کرتے ہوئے ٹیبلٹ کو بھی تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

عدالت نے تمام رپورٹس فریقین کو دینے کی ہدایت کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کو آئندہ سماعت پر عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا اور آئندہ سماعت کے لیے حکومت پنجاب کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔