پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ویمنز ون ڈے سیریز کل شروع ہوگی

عباس رضا  بدھ 6 فروری 2019
ٹیم سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لئے پرعزم ہے، بسمہ معروف

ٹیم سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لئے پرعزم ہے، بسمہ معروف

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ویمنز ون ڈے سیریز کل شروع ہوگی۔

آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے سلسلے میں ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دوسرا مقابلہ اسی وینیو پر ہفتہ اور تیسرا پیر کو ہوگا۔

ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ کراچی میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مجموعی طور پر گرین شرٹس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آخری میچ جیتنے سے پلیئرز کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کا کمبی نیشن زیادہ بہتر ہے، ٹیم سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لئے پرعزم ہے، اسپنرز ہماری اصل طاقت ہیں، پیسرز ایمن انور، ڈیانا بیگ اور عالیہ ریاض بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، اس شعبے میں مزید بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ویسٹ انڈین کپتان سٹیفنی ٹیلر نے کہا  کہ اچھی تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، مہمان پلیئرز اچھی فارم میں ہیں، سیریز جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔