علیم خان کا نام پاناما لیکس میں کہیں شامل نہیں، ترجمان

ویب ڈیسک  بدھ 6 فروری 2019
علیم خان کی آفشور کمپنی قانون کے مطابق ہے، وکیل فوٹو:ٖفائل

علیم خان کی آفشور کمپنی قانون کے مطابق ہے، وکیل فوٹو:ٖفائل

 لاہور: علیم خان کے ترجمان نے ان کا نام پاناما لیکس میں شامل ہونے کی تردید کی ہے۔

سابق سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی گرفتاری اور نیب کے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے علیم خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیب نے جب بھی بلایا عبدالعلیم خان ہمیشہ بروقت پیش ہوئے اور ان کا نام پاناما لیکس میں کہیں شامل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آف شور کمپنی کیس؛ نیب نے علیم خان کو گرفتار کرلیا

بیان میں کہا گیا کہ قومی احتساب بیورو نے تحقیقات میں علیم خان سے پارک ویو سوسائٹی کے بارے میں کبھی نہیں پوچھا، انہوں نے اپنے اندرون و بیرون ملک کے تمام اثاثے پہلے ہی ظاہر کر رکھے ہیں، مانگا گیا تمام ریکارڈ ہمیشہ فوری طور پرمہیا کیا گیا، آف شور کمپنیوں کا ریکارڈ بیرون ملک ہوتا ہے، ریکارڈ ٹیمپرنگ کیسے ہو سکتی ہے؟۔

علاوہ ازیں عبدالعلیم خان کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ علیم خان کی آفشور کمپنی قانون کے مطابق ہے،  نیب کو ہر قسم کا ریکارڈ فراہم کر دیا گیا ہے، وہ اپنی ہر کمپنی کا ٹیکس ادا کرتے رہے ہیں، اگر انہوں نے کرپشن کی ہوتی تو حمزہ شہباز کی طرح عبوری ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کرتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔