مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  بدھ 6 فروری 2019
نوجوان کی شہادت کا واقعہ سرچ آپریشن کے دوران پیش آیا۔ فوٹو : فائل

نوجوان کی شہادت کا واقعہ سرچ آپریشن کے دوران پیش آیا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی فوج نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران کشمیری نوجوان عرفان احمد شیخ کو گولی مار کر شہید کردیا۔

دنیا بھرمیں یوم یکجہتی کشمیر کے کامیاب انعقاد سے بوکھلائی ہوئی قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے کئی نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا۔

دوسری جانب ضلع پلوامہ میں ہی پانچ روز قبل ناکارہ سمجھ کر گرنیڈ سے کھیلنے والے دو بچے گرنیڈ پھٹ جانے سے شدید زخمی ہوگئے تھے جن میں سے ایک بچہ جنید بلال دوران علاج آج اسپتال میں دم توڑ گیا۔

ادھر گزشتہ 2 دنوں میں گرفتار کیے گئے سیکڑوں کشمیری نوجوانوں اور مقامی حریت رہنماؤں کی رہائی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت حریت رہنما یاسین ملک کررہے تھے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا۔

یاسن ملک کی گرفتاری پر ریلی کے شرکاء میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور ریلی نے مظاہرے کی شکل اختیار کرلی۔ مظاہرین نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔