جرائم پیشہ عناصر کو موقع واردات پر ہی عبرت کا نشان بنادیا جائے، تاجر رہنما

بزنس رپورٹر  جمعـء 24 اگست 2012
جرائم پیشہ عناصرکی حوصلہ شکنی کیلیے سیکیورٹی کے اداروں کو خصوصی اختیارات دینے پڑیں گے، فوٹو؛ فائل

جرائم پیشہ عناصرکی حوصلہ شکنی کیلیے سیکیورٹی کے اداروں کو خصوصی اختیارات دینے پڑیں گے، فوٹو؛ فائل

کراچی: ماہِ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے دوران اہم ترین اور حساس علاقوں میں پولیس اور رینجرزکی تعینانی اورذمے دارانہ حکمت عملی کے سبب کراچی کے تجارتی مراکزمیں امن و امان کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش رہی ہے، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے اس سلسلے میںسیکیورٹی اداروں کے ذمے داران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان کے بعد عیدالفطر کے دوران ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر حکومت کی قبل ازوقت حکمت عملی نے شہر کو پرامن رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس اہم ترین اور حساس موقع پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے جس ذمے داری اور تندہی سے اپنے فرائض انجام دیے اس کیلیے پوری تاجر برادری انھیں مبارکباد پیش کرتی ہے،انھوں نے آنے والے وقت کے اشاروں کو ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں مستقل امن کیلیے سیکیورٹی کے تمام ذمے دار اداروں کو سرتوڑ کوشش کرنا ہوگی،جرائم پیشہ عناصرکی حوصلہ شکنی کیلیے سیکیورٹی کے اداروں کو خصوصی اختیارات دینے پڑیں گے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ضمن میں عدالتی نظام کوتیز رفتار اوربہتر بنایا جائے یا جرائم پیشہ عناصرکوموقع واردات پر ہی عبرت کا نشان بنادیا جائے، عید پر امن و امان کی اطمینان بخش صورتحال کے باوجود کراچی بارودکے ڈھیر پرکھڑا ہے، شہر کے650اہم تجارتی مراکز میں400سے زائد مارکیٹوں پر بدامنی کے سائے مسلط ہیں، رمضان میں عید کی روایتی اشیاکی خریداری عروج پر جبکہ دیگر تمام اقسام کے کاروبار شدید مندی کی لپیٹ میں رہا ہے، 150سے زائد اشیا کا کاروبار کرنے والے تاجروں کیلیے عید پر اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی مشکل ہوگئی، انھوں نے کہا کہ شہر کی معاشی اور معاشرتی زندگی کا انحصار مستقبل میں بدامنی کے خاتمے پر ہے۔

انھوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی سے ثابت ہوگیا کہ سیکیورٹی اداروں کے اختیارات محدود ہیں لیکن صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، انھوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس اور رینجرز کے ذمے داران اپنے سیکیورٹی پلان پر فوری عملدرآمد کریں، شہر کے سب سے بڑے تجارتی مرکزاولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹوں کے اطراف سیکیورٹی بارڈر قائم کیا جائے، سیکیورٹی اداروں کو بلاتفریق و تخصیص کارروائی کی اجازت دی جائے، نفری کے بجائے پولیس کے وسائل اور اختیارات میں اضافہ کیا جائے، پولیس افسران کیلیے اعلیٰ حکام کے دبائو میں رہتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھانا مشکل ہے، پیٹی اور پیٹ کے خوف نے پولیس افسران کو مصلحت کا شکار بنادیا ہے۔

انھوں نے سیلولر فون کے غلط استعمال کے خلاف حکومتی اقدامات کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غلط مقاصد کے تحت استعمال ہونے والی فون سم کا حصول ناممکن بنادیا جائے اور سیلولر فون کے ذریعے کیے جانیوالے جرائم کی روک تھام کیلیے بلاتاخیر کریک ڈائون کیا جائے، بھتہ خور عناصر نے غلط طریقے سے حاصل کی گئیں سم کے ذریعے تاجروں کی زندگی اجیرن بنادی ہے، ایسی سم کے خلاف قانونی کارروائی تاجر برادری کا دیرینہ مطالبہ ہے جس کا تاجر برادری بھرپور خیرمقدم کریگی۔

انھوں نے رمضان میں شہریوں کے خلاف لوٹ مار کرنے والے پولیس اہلکاروں کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی عید کو پُرتعیش بنانے کیلیے پولیس کے تفتیشی اداروں کے اہلکاروں نے تفتیش کے بہانے تاجروں سے کروڑوں روپے ہتھیا لیے ہیں جس کا سدباب نہ کیا گیا تو پولیس اور بھتہ خوروں کے درمیان فرق باقی نہیں رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔