اسلام آباد میں خصوصی اکنامک زون کے قیام کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 7 فروری 2019
اکنامک زون سے 50 ہزار کے قریب نوکریاں پیدا ہوں گی، پراجیکٹ ڈائریکٹر

اکنامک زون سے 50 ہزار کے قریب نوکریاں پیدا ہوں گی، پراجیکٹ ڈائریکٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں زمین کی عدم دستیابی کی وجہ سے خصوصی اکنامک زون کے قیام کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے خصوصی اقتصادی زون کیلئے 2016 سے کام جاری ہے لیکن اس میں اب تک کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، حکومت کی جانب سے سی پیک کے 9 میں سے ایک اکنامک زون بھی مکمل نہ ہوسکا، جس کی وجہ وفاقی دارالحکومت میں زمین کا دستیاب نہ ہونا بتایا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پیک کے تحت اسلام آباد کے خصوصی اکنامک زون کو 500 ایکڑ پر تعمیر کرنے کی بجائے 200 ایکڑ تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی پیک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن داؤد بٹ کا کہنا تھا کہ حکومت رواں سال اسلام آباد کے خصوصی اقتصادی زون کا سنگ بنیاد رکھے گی اور اس حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

حسن داؤد کا کہنا تھا کہ امید ہے اس اکنامک زون سے 50 ہزار کے قریب نوکریاں پیدا ہوں گی جب کہ اسلام آباد کے زون میں سروسز انڈسٹری قائم کی جائے گی اور اسلام آباد کے اکنامک زون سے محض 1500 براہ راست روزگار کے مواقع پید ا ہوسکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔