برطانیہ میں پائلٹ کی مہارت نے طوفان کو شکست دے دی، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 فروری 2019
طوفانی ہواؤں کے درمیان رن وے کو چھوتے ہی طیارے کا توازن بگڑنے لگا (فوٹو : ٹویٹر)

طوفانی ہواؤں کے درمیان رن وے کو چھوتے ہی طیارے کا توازن بگڑنے لگا (فوٹو : ٹویٹر)

 لندن: برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پائلٹ کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے درمیان لینڈ کرتے طیارے کو بحفاظت واپس لے جانے میں کامیاب رہا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں تیز ہواؤں کے جھکڑ نے معمولات زندگی معطل کر کے رکھ دیا، ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طوفانی ہواؤں سے نبرد آزما طیارے کے پائلٹ کی ہوشیاری نے مسافروں کو بچالیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈنگ کرنے کے لیے رن وے کو چھوتے ہی دوبارہ فضاء میں پرواز بھرلیتا ہے تاہم اس دوران تیز ہواؤں سے طیارے کے پر لہراتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔

صارفین نے اس عمل کو پائلٹ کی احمقانہ غلطی سمجھ کر تنقید کی تو طیارہ اڑانے کے ماہرین نے اس عمل کو پائلٹ کی حاضر دماغی اور مہارت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تیز ہواؤں کے باعث طیارہ لینڈنگ کے دوران توازن برقرار نہ رکھ پاتا جس کا ادراک ہوتے ہی پائلٹ نے لینڈنگ کے بجائے دوبارہ پرواز بھر کر مسافروں کو جان بچائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔