انسٹاگرام کا دلخراش تصاویر کی روک تھام کے لیے بڑا فیصلہ

ویب ڈیسک  اتوار 10 فروری 2019
انسٹاگرام نے دلخراش تصاویر کی شیئرنگ کی روک تھام کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا۔ فوٹو : فائل

انسٹاگرام نے دلخراش تصاویر کی شیئرنگ کی روک تھام کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا۔ فوٹو : فائل

سان فرانسسكو: سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام نے دلخراش مناظر، غصیلی اور خود کو نقصان پہنچانے والے مواد کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انسٹاگرام نے برطانوی نوجوان لڑکی مولی رسل کی خودکشی کے بعد پوسٹ کی شیئرنگ کے لیے نئے ’ حساس اسکرین‘ متعارف کرایا ہے۔ جس کا اعلان انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے خود کیا۔

اس فیچر سے زخم، قتل، خودکشی اور دیگر دلخراش مناظر کی تصاویر کو دھندلا کردیا جائے گا اور صرف خواہش مند صارفین کے بٹن دبانے پر ہی دستیاب ہوں گے۔ اس طرح پیج پر اسکرولنگ کے دوران یہ مناظر اچانک سامنے نہیں آئیں گے۔

اس فیچر کے تحت ایسی تمام تصاویر کو بھی بلاک کردیا جائے گا جس میں کوئی صارف خود کو نقصان پہنچاتا ہوا نظر آئے کم عمر نوجوانوں منفی اثر لیتے ہوئے خود کو نقصان نہ پہنچالیں، جیسا کہ برطانیہ میں ایک واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔

برطانوی نوجوان لڑکی مولی رسل کی خودکشی کا ذمہ دار والدین نےانسٹاگرام کو قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ بیٹی نے انسٹاگرام پر ایک شخص کی تصاویر سے خودکشی کا طریقہ سیکھا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔