صوبے سے منشیات کا خاتمہ ترجیح ہے،مکیش کمارچاؤلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 اگست 2012
ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے،اجلاس میں افسران کو ہدایت. فوٹو: اے این ایف

ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے،اجلاس میں افسران کو ہدایت. فوٹو: اے این ایف

کراچی: صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چائولہ نے کہا ہے کہ منشیات کے اسمگلروں سے نمٹنے کیلیے محکمے نے18کروڑ روپے کا اسلحہ خرید لیا ہے جس کا مقصد صوبے میں منشیات کا خاتمہ کرنا ہے، یہ بات جمعرات کو انھوں نے اپنے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انھوں نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، انھوں نے محکمے کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کیخلاف سخت ایکشن لیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمے کا سالانہ ٹارگٹ 23 ارب 73 کروڑ روپے سے تجاوز کرکے 28 ارب 28 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے جوکہ ایک ریکارڈ ہے، انھوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے ریونیو جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت نے عوام کی ترقی کیلیے بے مثال منصوبے شروع کیے ہیں، یہ بات جمعرات کو انھوں نے اپنے دفتر میں عیدالفطر کی مبارکباد دینے کیلیے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ناکام قرار دینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، اس پروگرام کی افادیت کو نہ صرف پاکستانی بلکہ بین الاقوامی میڈیا نے بھی سراہا ہے، اس پروگرام کے تحت لاکھوں خواتین کو مالی معاونت فراہم کی گئی، انھوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر واضح اکثریت سے کامیاب ہوگی، حکومت عوامی مسائل کے حل کیلیے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔