سعید آباد سےملنےوالی7سالہ بچے کی لاش کی شناخت ہوگئی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 اگست 2012
مقتول دوسری جماعت کا طالب علم تھا، جنت البقیع قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا. فوٹو فائل

مقتول دوسری جماعت کا طالب علم تھا، جنت البقیع قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا. فوٹو فائل

کراچی: سعید آباد سے ملنے والی7 سالہ بچے کی لاش کی شناخت کر لی گئی ، تفصیلات کے مطابق سعید آباد کے علاقے ویسٹ پولیس لائن کے سامنے کچرا کنڈی سے بدھ کو ملنے والی ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش کی شناخت7سالہ عبید الرحمن ولد رائو راشد حسن کے نام سے اس کے چچا رائو نادر حسن نے ایدھی سرد خانے میں جا کر کی۔

مقتول اورنگی ٹاؤن غریب نواز کالونی صابری چوک مدینہ مسجد کے قریب مکان نمبر208کا رہائشی اور اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں واقع حفیظ الرحمٰن اسکول میں دوسری جماعت کا طالب علم تھا ، مقتول2 بھائی اور ایک بہن میں سب سے بڑا تھا ، مقتول کے والد ایمبرائیڈری کا کام کرتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی انھیں نہیں پتہ کہ ان کے بھتیجے کو کس نے اغوا کر کے قتل کیا ہے۔

ایس ایچ او سعید آباد چوہدری محمد ارشاد نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کو ملزمان نے زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر وزنی چیز مار کر ہلاک کیا تھا جبکہ ملزمان نے بچے کی شناخت مٹانے کے لیے چہرے پر تشدد کر کے مسخ کر کے ہاتھ پاؤں باندھ کر لاش بوری میں بند کر کے پھینک دی تھی، اقبال مارکیٹ پولیس کے مطابق مقتول عبید الرحمان کے چچا رائو نادر حسن ولد رائو ہادی حسن نے21 اگست کو اقبال مارکیٹ تھانے میں عبید الرحمن کے اغوا کی ایف آئی آر نمبر 152/12بجرم دفعا 363/34 کے تحت نامعلوم اغوا کاروں کے خلاف درج کرائی تھی۔

مدعی نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ عبید عید الفطر کے دوسرے روز گھر کے باہر گلی میں کھیل رہا تھا کہ دوپہر کو تقریباً 3بجے کے بعد سے وہاں سے لاپتہ ہوگیا جس پر گھر والوں کو تشویش ہوئی ،مسجدوں میں اعلان اور تلاش کرنے پر بھی عبید کے نہ ملنے پر مقدمہ درج کرا دیا گیا تھا، مقتول عبید الرحمٰن کی نماز جنازہ بعد نماز عصر جامع مدینہ مسجد میں ادا کی گئی جبکہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ بلاک ایل جنت البقیع قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔