مریضہ کے پیٹ میں رہ جانے والی قینچی کو 3 ماہ بعد نکال لیا گیا

ویب ڈیسک  اتوار 10 فروری 2019
مریضہ کا 2 نومبر کو ہونے والے آپریشن میں قینچی پیٹ میں ہی رہ گئی تھی۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

مریضہ کا 2 نومبر کو ہونے والے آپریشن میں قینچی پیٹ میں ہی رہ گئی تھی۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

 حیدرآباد دکن: بھارت میں ڈاکٹرز کی غلطی سے آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ میں رہ جانے والی قینچی کو 3 مہینے بعد نکال دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد شہر میں 33 سالہ خاتون مہیشواری چوہدری کو پیٹ کے شدید درد کی شکایت پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ایکسرے میں خاتون کے پیٹ میں قینچی کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ ڈاکٹرز نے فوری طور پر آپریشن کرکے خاتون کے پیٹ سے 6 انچ لمبی قینچی کو نکال دیا۔

اہل خانہ نے انکشاف کیا کہ مذکورہ خاتون کا 2 نومبر کو اسی اسپتال میں آپریشن کیا گیا تھا اور اُس آپریشن کے دوران قینچی پیٹ ہی میں رہ گئی۔ جس کے بعد سے خاتون کو پیٹ میں درد کی شکایت رہی تھی جسے ڈاکٹرز نظر انداز کرتے ہوئے درد کشا دواؤں سے علاج کرتے رہے۔

مریضہ کے شوہر نے اسپتال کے خلاف شکایت درج کروائی ہے جس پر اسپتال انتظامیہ نے 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو غفلت اور لاپرواہی برتنے والوں کا تعین کرکے ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں تادیبی کارروائی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔