کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ تقریب میں فہد مصطفیٰ کا صحافی سے تضحیک آمیز رویہ

ویب ڈیسک  پير 11 فروری 2019
تقریب کے دوران فہد مصطفیٰ نے صحافی کو بیٹا کہہ کر مخاطب کیا (فوٹو: فائل)

تقریب کے دوران فہد مصطفیٰ نے صحافی کو بیٹا کہہ کر مخاطب کیا (فوٹو: فائل)

 کراچی: پی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ کی تقریب میں فہد مصطفیٰ نے ایک صحافی سے تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا اور انہیں بیٹا کہہ کر مخاطب کیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ کی تقریب کے دوران نجی چینل کے رپورٹر کی جانب سے سوال پوچھا گیا اس دوران رپورٹر نے فہد مصطفیٰ کو غلطی سے فواد کہہ دیا جس پر فہد مصطفیٰ نے فوری مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ فواد نہیں فہد، صحافی کی اس غلطی پر فہد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاید اسی وجہ سے تنخواہ نہیں مل رہی۔

رپورٹر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فہد مصطفیٰ کے بیان کے مطابق وسیم اکرم کے بعد جو بالر آیا ہے وہ محمد عامر ہے اس طرح کی بات کرنے سے قبل اگر فہد مصطفیٰ کرکٹ کے بارے میں کچھ پڑھ لیتے تو ایسا نہ کہتے۔ جس پر ایک بار پھر فہد مصطفیٰ نے آگ بگولہ ہو کر صحافی کے سوال پر مداخلت کرتے ہوئے الٹا صحافی سے پوچھا کہ کیا عامر وسیم اکرم کے بعد آنے والا بہترین بالر نہیں ہے؟

اس گرما گرمی کے دوران فہد نے صحافی کا مائیک بند کرنے کا کہا جس پر صحافیوں نے فہد کے اس ناروا رویے پر احتجاج کیا۔ اس دوران فہد مصطفی نے صحافی کو بیٹا کہا تو صحافی نے انہیں مائنڈ یور لینگویج کہا۔ فہد نے کہا کہ پرائی شادی میں آکر بربادی ہی کرتے ہو جس پر صحافی نے بھی جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر تم نے شادی کی ہوتی تو کچھ پتا ہوتا۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ کی تقریب کے دوران فہد مصطفیٰ کی بدکلامی کو لے کر سوشل میڈیا پر کافی تنقید بھی کی گئی اور کہا گیا کہ یہ آپ کا جیتو پاکستان نہیں ہے کہ سب آپ کی تعریف کریں، تقریب اور نیلام گھر میں بہت فرق ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔