اگلے سال ٹوکیو اولمپکس کے تمغے برقی کچرے سے بنائے جائیں گے

ویب ڈیسک  پير 11 فروری 2019
2020 کے ٹوکیو اولمپکس اور پیرااولمپکس کھیلوں کے تمغے برقی کوڑا کرکٹ سے ری سائیکل کرکے تیار کئے جائیں گے۔ فوٹو: بشکریہ نیو اٹلس

2020 کے ٹوکیو اولمپکس اور پیرااولمپکس کھیلوں کے تمغے برقی کوڑا کرکٹ سے ری سائیکل کرکے تیار کئے جائیں گے۔ فوٹو: بشکریہ نیو اٹلس

ٹوکیو: اگلے سال یعنی 2020 کے اولمپکس مقابلے جاپان کے شہر ٹوکیو میں منعقد ہوں گے اور مقابلوں میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو قیمتی دھاتوں کے میڈل ہی دیئے جائیں گے تاہم یہ تمغے برقی کچرے (ای ویسٹ) سے نکالی گئی دھاتوں سے ہی ڈھالے جائیں گے۔

پوری دنیا میں ہر روز پرانے برقی آلات، کیمرے، اسمارٹ فون اور کمپیوٹر آلات کوڑا کرکٹ کی نذر ہوتے رہتے ہیں اور اب یہ حال ہے کہ برقی کچرا ماحول کے لیے ایک خطرناک مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ اس کے شعور اور آگہی کے لیے اگلے سال اولمپکس کے میڈل ٹوٹے پھوٹے کیمروں اور متروکہ اسمارٹ فون سے تیار کئے جائیں گے۔

ٹوکیو اولمپکس کمیٹی نے سال 2017 سے ہی اس پر کام شروع کردیا تھا اور اب خبر یہ ہے کہ بڑی تیزی سے برقی کچرے سے قیمتی دھاتیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کمیٹی کا خیال ہے کہ اس سال مارچ تک اس کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ اس ضمن میں ٹوکیو بلدیہ نے غیرمعمولی انتظامات کئے ہیں۔ لیکن واضح رہے کہ برقی آلات میں سونے، چاندی، پلاٹینیم اور دیگر قیمتی دھاتیں موجود ہوتی ہیں مگر انہیں کشید کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا۔

اس کے لیے جاپان کی1,594  میونسپلٹیوں میں برقی کچرا آفس قائم کئے گئےہیں۔ گزشتہ سال نومبر تک وہاں 47,488 ٹن برقی کوڑا کرکٹ کا ڈھیر جمع ہوچکا تھا۔ اسی دوران 2400 ڈوکومو اسٹوروں میں 50 لاکھ پرانے فون بھی جمع کئے گئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ برس جون میں کانسی کے تمام میڈلوں کے لیے ضروری دھات جمع ہوچکی ہے۔ سونے کے تمغوں کی 93.7 مقدار اکتوبر میں جمع ہوگئی تھی اور اسی ماہ چاندی کے میڈلوں کے لیے ضروری 85.4 فیصد مقدار بھی نکالی جاچکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔