کیویز نے بھارتی اوسان خطا کرکے سیریز جیت لی

اے ایف پی  پير 11 فروری 2019
تیسرے ٹوئنٹی 20 میں میزبان الیون 4 رنز سے کامیاب، کولن منرو کی برق رفتار ففٹی۔ فوٹو: رائٹرز

تیسرے ٹوئنٹی 20 میں میزبان الیون 4 رنز سے کامیاب، کولن منرو کی برق رفتار ففٹی۔ فوٹو: رائٹرز

ہیملٹن: اعصاب شکن معرکے میں کیویز نے بھارتی اوسان خطا کردیے،تیسرے ٹوئنٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے 4 رنز کی فتح سے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی.

بھارت کو تیسرا ٹوئنٹی 20 اور سیریز جیتنے کیلیے 213 رنز کا ہدف ملا، آخر میں اس وقت اس کا سفر دشوار دکھائی دینے لگا جب آخری 3 اوورز میں اس کو مزید 47 رنز درکار تھے، اس موقع پر وکٹ پر موجود دنیش کارتھک اور کرنال پانڈیا نے 18 اور 19 ویں اوور میں مجموعی طور پر 32 رنز بنائے، اب لاسٹ 6 بالز پر کامیابی کیلیے مزید 16 رنز درکار تھے۔

اس اعصاب شکن جنگ میں کیوی بولر ٹم ساؤدی نے اپنے اعصاب مکمل طور پر کنٹرول میں رکھے، پہلی گیند پر دو رنز لینے کے بعد کارتھک نے اگلی دو گیندیں بڑے شارٹ کی تلاش میں ضائع کردیں، اس دوران انھوں نے سنگل بھی نہیں لیا، چوتھی گیند پر آخر سنگل لے کر اسٹرائیک کرنال کو دی جنھوں نے پانچوںی گیند پر ایک  رن لیتے ہوئے کارتھک کو آخری گیند کا سامنا کرنے کا موقع دیا، جس پر انھوں نے چھکا جڑا مگر اس کا کوئی بھی فائدہ نہیں ہوا، اس طرح بھارتی ٹیم 6 وکٹ پر 208 رنز بناسکی۔ کارتھک 33 اور کرنال 26 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، شنکر نے 43 رنز بنائے، سینٹنر اور مچل نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 4 وکٹ پر 212 رنز بنائے، منرو نے 40 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 5 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے  72 اور سیفرٹ نے 43 رنز اسکور کیے۔ کلدیپ نے 2 وکٹیں لیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔