پی ایس ایل 4؛ آن لائن ٹکٹ 17فروری سے دستیاب ہوں گے

اسپورٹس رپورٹر  پير 11 فروری 2019
مقررہ مراکز پر 25 تاریخ سے فروخت کیے جائیں گے، نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں جاری۔ فوٹو : فائل

مقررہ مراکز پر 25 تاریخ سے فروخت کیے جائیں گے، نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں جاری۔ فوٹو : فائل

کراچی: پی ایس ایل فور کے فائنل سمیت 5 میچز کے شایان شان انعقاد کے لیے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں جب کہ مقررہ کوریئر سروس ادارے  کے تحت آن لائن ٹکٹوں کی فروخت 17 فروری سے شروع ہورہی ہے۔

پی ایس ایل فور کے میچز کیلیے نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں، اسٹیڈیم میں چھت کی تنصیب اور عمارت و قریب و جوار میں تزئین وآرائش  کا عمل تیزی سے جاری ہے جبکہ  اسٹیڈیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے حکمت عملی بھی تیارکرلی گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا ہر حصہ اب کیمروں کی نظرمیں ہوگا،یہ مقابلے 7 تا 17 مارچ شیڈول ہیں، انکلوژرز،گراؤنڈ، پویلین اوراسٹیڈیم کے اندرونی ایریازکیمروں کی مکمل نگرانی میں ہوں گے۔

گراؤنڈ کے چاروں اطراف، ملحقہ سڑکیں اورعمارتیں بھی کیمرے کی آنکھ سے نہیں بچ سکیں گی، جدید کیمروں کے ذریعے اسٹیدیم میں بیٹھے ہرشخص کی نقل وحرکت مانیٹرہوگی، نیشنل اسٹیڈیم میں90سے زائد ہائی ریزولیشن کیمروں کی تنصیب کا کام شروع ہوگیا،کیمروں کی مانٹیرنگ کیلیے اسٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی نگرانی سیکیورٹی ادارے کریں گے۔

2 مارچ کو اسٹیڈیم کی سیکیورٹی اداروں کے حوالے کردی جائیگی،34 ہزار228 تماشائیوں کی گنجائش والے نیشنل اسٹیڈیم  پرمیچزکے ٹکٹوں کے لیے ویب سائٹ پر رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا۔

دوسری جانب مقررہ کوریئر سروس ادارے  کے تحت آن لائن  ٹکٹوں کی فروخت 17 فروری سے شروع ہورہی ہے جبکہ مقررہ مراکز پر25 فروری سے ٹکٹ فروخت ہونا شروع ہوجائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔