خواتین سیاست میں انقلاب لا سکتی ہیں،اہلیہ قادر مگسی

نامہ نگار  جمعـء 24 اگست 2012
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

ٹنڈو محمد خان: خواتین سیاست میں انقلاب لا سکتی ہیں اور سندھ سے موروثی سیاست کا خاتمہ کر سکتی ہیں۔ یہ بات سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی کی اہلیہ سندھو قادر مگسی نے سندھ ترقی پسند ناری تحریک کی جانب سے ٹنڈو محمد خان میں منعقدہ عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا سندھ اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، عوام کو ان کے حقوق دلانے اور سندھ کو مشکل حالات سے نکالنے کے لیے خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، سندھ کے عوام موجودہ حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اور و ہ وقت دور نہیں جب قوم پرست جماعتیں اسمبلیوں میں آکر عوام کی حقیقی نمائندگی کرتے ہوئے حقوق دلائیں گی۔

سندھ ترقی پسند ناری تحریک کی مرکزی صدر حاکم زادی تھیبو کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام ایس ٹی پی کے پلیٹ فارم پر متحد ہو رہے ہیں اور ہم عام انتخابات میں سندھ بھر سے امیدوار کھڑے کریں گے، انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ ترقی پسند پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ تقریب سے ناری تحریک کی ضلعی صدر ثمینہ خاصخیلی نے بھی خطاب کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔