انڈونیشیا پولیس نے موبائل چور پر سانپ چھوڑ کر تفتیش کرنے پر معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  پير 11 فروری 2019
تفتیشی اہلکار نے موبائل چور کے گلے میں سانپ ہار کی طرح لٹکا دیا۔ فوٹو : ٹویٹر

تفتیشی اہلکار نے موبائل چور کے گلے میں سانپ ہار کی طرح لٹکا دیا۔ فوٹو : ٹویٹر

جکارتا: انڈونیشیا پولیس نے ملزم پر دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرانے کے لیے سانپ چھوڑنے پر معافی مانگ لی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر عوام سے معافی مانگ لی ہے۔ اس ویڈیو میں تفتیشی اہلکار تھانے میں ایک ملزم پرسانپ پھینک کر ڈرا دھمکا رہے تھے۔

ملزم پر ایک شہری کا موبائل چھیننے کا الزام تھا تاہم ملزم اپنے جرم کا اعتراف نہیں کر رہا تھا جس پر تفتیشی اہلکاروں نے ہتھکڑی لگے ملزم پرسانپ چھوڑ دیا تاکہ وہ خوفزدہ ہوکر اپنا جرم مان لے۔

مقامی پولیس چیف نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی اہلکاروں کا طریقہ کار غیر پیشہ ورانہ تھا تاہم سانپ زہریلا نہ ہونے کے سبب ملزم کی جان کو کوئی خطرہ نہیں تھا اس لیے اقدام قتل کی دفعہ عائد نہیں ہوسکتی۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس کے تفتیش عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج کیا تھا جب کہ سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے پولیس کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔