شہر میں آج سے تیز سرد ہواؤں کا نیا سلسلہ چلے گا، محکمہ موسمیات

اسٹاف رپورٹر  منگل 12 فروری 2019
ہائی پریشر کی وجہ سے بونداباندی اوربارش کا کوئی امکان نہیں،شہر کامطلع خشک اور رات میں سرد رہے گا ،محکمہ موسمیات۔ فوٹو: آئی این پی

ہائی پریشر کی وجہ سے بونداباندی اوربارش کا کوئی امکان نہیں،شہر کامطلع خشک اور رات میں سرد رہے گا ،محکمہ موسمیات۔ فوٹو: آئی این پی

کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق آج (منگل)سے شہر میں تندوتیز سرد ہواؤں کا نیا سلسلہ چلنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق شہر کی بالائی فضاؤں سے گززرنے والے بڑے دباؤ کی وجہ سے شہر میں 12فروری سے 14 فروری کے درمیان 3 روزہ ہواؤں کے نئے سلسلے کی وجہ سے معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے، بڑا دباؤ بتدریج کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے سبب 12فروری سے 14فروری تک شہر میں معمول سے تیزسرد ہوائیں چل سکتی ہیں تاہم درجہ حرارت میں کسی غیر معمولی کمی کا امکان نہیں ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ہائی پریشر کی وجہ سے بونداباندی اوربارش کا کوئی امکان نہیں ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہرکا کم سے کم درجہ حرارت 11.5اورزیادہ سے زیادہ27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،صبح کے وقت ہوامیں نمی کا تناسب 73اور شام کو14 فیصد ریکارڈ کیا گیاجبکہ شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 25کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہناہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شہر کامطلع خشک،رات میں سرد اور معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔