لاہور قلندرز شکستوں سے پیچھا چھڑانے کیلیے کوشاں

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  منگل 12 فروری 2019
حفیظ کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی ٹیم کوڈی ویلیئرز کی خدمات بھی حاصل۔ فوٹو : فائل

حفیظ کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی ٹیم کوڈی ویلیئرز کی خدمات بھی حاصل۔ فوٹو : فائل

لاہور: پی ایس ایل فور میں لاہور قلندرز شکستوں سے پیچھا چھڑانے کیلیے کوشاں ہوں گے لہٰذا محمد حفیظ کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی ٹیم کو اے بی ڈی ویلیئرز کی خدمات بھی حاصل ہیں۔

بڑے کرکٹرز کا ساتھ حاصل اور کئی تجربات کے باوجود لاہور قلندرز ابھی تک پی ایس ایل کی کمزور ترین ٹیم شمار ہوئی ہے، پہلے ایڈیشن میں فرنچائز اظہر علی کی قیادت میں میدان میں اتری، ایونٹ کے دوران ہی ان کو تبدیل کرکے ڈیوائن براوو کو ذمہ داری سونپی گئی، کرس گیل بھی یکسر ناکام رہے۔

لیگ مرحلے میں لاہور قلندرز8میچز میں صرف 2فتوحات کے ساتھ پانچویں اور آخری نمبر پر رہے، پلے آف مرحلے سے قبل ہی سفر ختم ہوگیا، دوسرے ایڈیشن میں برینڈن میک کولم کی قیادت میں قدرے بہتر کارکردگی کے باوجود ٹیم نے صرف 3میچز جیتے اور ایک بار پھر  پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے رہی، گزشتہ سال تیسرے ایڈیشن میں 10میں سے صرف 3 میچز میں فتوحات ملیں،ایک بے نتیجہ رہا،  اس بار6ٹیموں میں چھٹی پوزیشن پر رہے اور پلے آف مرحلے تک رسائی کا خواب پھر ادھورا رہ گیا۔

ناکامیوں کے اس سفر میں مثبت پہلو یہ ہے کہ لاہور قلندرز نے قومی ٹیم کو فخرزمان جیسا اوپنر دیا جو چیمپئنز ٹرافی کا ہیرو ثابت ہوا، انٹرنیشنل کیریئر کے آغاز میں ہی عمدہ پرفارم کرنے والے شاہین شاہ آفریدی بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں، چوتھے ایڈیشن کیلیے پشاورزلمی کو چھوڑنے والے محمد حفیظ لاہور قلندرز کی کمان سنبھال چکے، ان کو اے بی ڈی ویلیئرز جیسے شہرہ آفاق بیٹسمین کی خدمات بھی حاصل ہیں، فٹنس کی بحالی کے بعد حارث سہیل بھی دستیاب ہیں۔

کورے اینڈرسن جیسا میچ میں ونر بھی میسر ہے، کارلوس بریتھ ویٹ بیٹ اور گیند دونوں سے کارآمد ثابت ہوں گے، شاہین شاہ آفریدی اور راحت علی کے ساتھ اسپنرز یاسر شاہ اور سندیپ لام چینے بھی موجود ہوں گے، تجربہ کار اعزاز چیمہ مشکل صورتحال میں عمدہ بولنگ کا ہنز جانتے ہیں، نئے کمبی نیشن کے ساتھ لاہور قلندرز ماضی کی شکستوں سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔